Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

کنساس میں ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی، سنڈی ہولشر نے ری پبلکن امیدوار کو شکست دے کر گورنر کا انتخاب جیت لیا

کنساس میں ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی، سنڈی ہولشر نے ری پبلکن امیدوار کو شکست دے کر گورنر کا انتخاب جیت لیا

کنساس: امریکی ریاست کنساس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار اور ریاستی سینیٹر سنڈی ہولشر نے گورنر کا انتخاب جیت کر اپنی جماعت کی حکومت برقرار رکھی ہے،ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق انہوں نے ریپبلکن امیدوار ٹائی ماسٹرسن کو شکست دی، جنہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل تھی
ٹائی ماسٹرسن ریاستی سینیٹ کے صدر ہیں اور انتخابی مہم کے دوران انہیں ریپبلکن پارٹی کی نمایاں شخصیت کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا،کنساس میں اس انتخاب کو ملک بھر میں گورنر کے 36 انتخابات میں ڈیموکریٹک کنٹرول سے ریپبلکن کنٹرول کی جانب تبدیلی کے لیے سب سے زیادہ ممکنہ مقابلہ قرار دیا جا رہا تھا، لیکن سنڈی ہولشر کی کامیابی نے یہ امکان ختم کر دیا
انتخابی نتائج کے اعلان میں کئی روز کی تاخیر ہوئی کیونکہ عارضی ووٹوں کی گنتی جاری تھی اور انتہائی قریبی مقابلے کے باعث مقامی انتخابی حکام نے دوبارہ گنتی بھی کی
موجودہ ڈیموکریٹک گورنر لورا کیلی آٹھ سال تک عہدے پر رہنے کے بعد آئینی مدت کی پابندی کے باعث دوبارہ انتخاب نہیں لڑ سکتی تھیں،کنساس میں ریاستی مقننہ پر ریپبلکن پارٹی کا مضبوط کنٹرول ہے اور صدارتی انتخابات سمیت بیشتر ریاست گیر مقابلوں میں بھی یہاں ریپبلکن امیدوار کامیاب ہوتے رہے ہیں
57 سالہ سنڈی ہولشر نے اپنی انتخابی مہم میں عوامی مسائل اور معاشی انصاف کو مرکزی حیثیت دی،انہوں نے ارب پتی افراد کو دی جانے والی مبینہ خصوصی مراعات اور فائدہ مند معاہدوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا
ہولشر نے اپنے حریف ٹائی ماسٹرسن کو ریاستی سینیٹ میں ان کی قانون سازی کے ریکارڈ سے بھی جوڑا، خصوصاً سابق ریپبلکن گورنر کے دور میں منظور کیے گئے ٹیکس میں کمی کے قانون کو انتخابی بحث کا حصہ بنایا
ان کی کامیابی کو کنساس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے اہم سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس ریاست میں ریپبلکن پارٹی کی روایتی انتخابی برتری کے باوجود ڈیموکریٹس گورنر کا عہدہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے

قومی خبریں سے مزید