Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

پاکستان کا سعودی عرب پر حوثی حملوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ، اقوام متحدہ کی پابندیاں برقرار، یمن کے عوام بدستور جنگ اور تباہی کی قیمت ادا کرنے پر مجبور

پاکستان کا سعودی عرب پر حوثی حملوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ، اقوام متحدہ کی پابندیاں برقرار، یمن کے عوام بدستور جنگ اور تباہی کی قیمت ادا کرنے پر مجبور

پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی فوری اور غیر مشروط بندش کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں واضح مؤقف اختیار کیا ہے دوسری جانب سلامتی کونسل نے یمن میں امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے حوثی گروپ سے وابستہ افراد اور اداروں کے خلاف پابندیوں میں مزید توسیع کردی ہے
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے سفیر سید حیدر شاہ نے 12 نومبر کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ سعودی عرب پر حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔ انہوں نے ان حملوں کو خطے کے امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا
سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے حوثیوں کی فوجی کارروائیوں، سعودی عرب پر سرحد پار حملوں اور تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات کی مذمت کی۔ قرارداد کے تحت حوثیوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی فوجی کارروائیاں روکیں، سعودی عرب پر حملے بند کریں اور بحری جہازوں کو دھمکیاں دینا ختم کریں
قرارداد کے تحت حوثیوں سے وابستہ نامزد افراد اور اداروں کے اثاثے منجمد کرنے اور سفری پابندیوں کی مدت 14 نومبر 2027 تک بڑھا دی گئی ہے، جبکہ پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے پینل کا مینڈیٹ 15 دسمبر 2027 تک بڑھایا گیا ہے اس کے علاوہ ڈرون اور میزائل بنانے میں استعمال ہونے والے پرزوں اور کیمیائی مواد کی فراہمی محدود کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں
پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کے شہری اور اہم مقامات کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے پاکستان نے تجارتی جہاز رانی کے تحفظ اور بحیرہ احمر اور باب المندب جیسے اہم سمندری راستوں کو محفوظ رکھنے پر بھی زور دیا
تاہم اس تنازعے کا ایک انتہائی تکلیف دہ پہلو یمن کے عام شہریوں کی حالت ہے برسوں سے جاری جنگ نے اس ملک کے بنیادی ڈھانچے، اسپتالوں، روزگار اور معیشت کو تباہ کر دیا ہے اقوام متحدہ کے انسانی امدادی ادارے کے مطابق حالیہ لڑائی کے دوران اگست سے اب تک 333,000 سے زیادہ افراد بے گھر ہوچکے ہیں، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے میں ہی 24,000 سے زیادہ افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے
یمن میں 22.3 ملین سے زیادہ افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے جب لڑائی اسپتالوں کو متاثر کرتی ہے، خاندانوں کو گھروں سے نکال دیتی ہے اور امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ بنتی ہے تو اس کی سب سے بڑی قیمت ان بچوں، خواتین، بزرگوں اور غریب خاندانوں کو ادا کرنا پڑتی ہے جن کا اس جنگ کے فیصلوں میں کوئی کردار نہیں
پاکستان کا سعودی عرب کی سلامتی کے حق میں آواز اٹھانا اہم ہے، لیکن ایک اصولی مؤقف کا تقاضا یہ بھی ہے کہ یمن کے بے گناہ شہریوں کی جانوں، ان کے بنیادی حقوق اور ان تک خوراک، ادویات اور امداد کی رسائی کو بھی اتنی ہی اہمیت دی جائے سعودی عرب پر حملے ہوں یا یمن کے اندر شہری آبادی پر تشدد، دونوں صورتوں میں عام انسانوں کو جنگ کا نشانہ بنانا کسی طور قابل قبول نہیں
اقوام متحدہ کی پابندیاں اپنی جگہ، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ان قراردادوں سے واقعی جنگ رک سکے گی؟ ماضی میں بھی یمن پر پابندیاں لگائی گئیں، اسلحے کی فراہمی روکنے کے اقدامات ہوئے اور امن مذاکرات کی کوششیں کی گئیں، مگر عام یمنی شہری آج بھی بھوک، بے گھری، بیماری اور خوف میں زندگی گزار رہے ہیں
یہ بھی واضح رہے کہ نئی قرارداد یمن پر مکمل معاشی پابندی نہیں لگاتی اور نہ ہی فوجی کارروائی کی اجازت دیتی ہے اس کا مقصد مخصوص افراد اور اداروں کو نشانہ بنانا، اسلحے اور میزائل سازی کے وسائل محدود کرنا اور حملوں کو روکنے کے لیے دباؤ بڑھانا ہے
پاکستان سمیت عالمی طاقتوں کو اب صرف مذمتی بیانات اور پابندیوں سے آگے بڑھ کر ایسا سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا جس میں سعودی عرب کی سلامتی، یمن کی خودمختاری اور عام شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے
جنگوں میں حکمران اور مسلح گروہ اپنے سیاسی اور فوجی مقاصد کے لیے فیصلے کرتے ہیں، لیکن لاشیں عام لوگوں کی اٹھتی ہیں، گھر غریبوں کے اجڑتے ہیں اور بچوں کا مستقبل تباہ ہوتا ہے یمن کا المیہ یہی ہے کہ امن کے وعدے بہت ہوئے، مگر اس ملک کے عوام کو آج تک ایک محفوظ اور باعزت زندگی نہیں مل سکی

قومی خبریں سے مزید