Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر کی عالمی امداد، پھر بھی ایڈز اور ٹی بی بے قابو، حکومتی نااہلی نے عالمی اعتماد بھی چھین لیا

پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر کی عالمی امداد، پھر بھی ایڈز اور ٹی بی بے قابو، حکومتی نااہلی نے عالمی اعتماد بھی چھین لیا

پاکستان میں ایڈز، ٹی بی اور ملیریا جیسے جان لیوا امراض کے خلاف جنگ میں اربوں ڈالر خرچ ہونے کے باوجود بیماریوں کا پھیلاؤ، حکومتی نااہلی اور ادارہ جاتی بدانتظامی ایک ایسا سوال بن چکے ہیں جس کا جواب عوام کو ملنا چاہیے۔ آخر وہ رقم کہاں گئی جو پاکستانیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے فراہم کی گئی تھی؟ اور اگر عالمی ادارے بھی پاکستان کے نظام پر اعتماد کھو بیٹھیں تو اس ناکامی کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟
پاکستان کو 2003 سے اب تک گلوبل فنڈ کی جانب سے 1.1 ارب ڈالر سے زیادہ امداد مل چکی ہے یہ رقم ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خلاف اقدامات، مریضوں کی تشخیص، علاج اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے فراہم کی گئی۔ لیکن اگست 2020 میں گلوبل فنڈ نے پاکستان پر اضافی حفاظتی پالیسی نافذ کردی، جس کا بنیادی مطلب یہ تھا کہ ادارے کو پاکستان کے امدادی رقوم کے انتظام اور بیماریوں کے خاتمے کے پروگراموں پر اعتماد نہیں رہا
یہ فیصلہ محض کاغذی کارروائی نہیں بلکہ پاکستان کے انتظامی نظام پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے معمول کے تحت قومی ادارے امدادی پروگراموں کی منصوبہ بندی، عمل درآمد اور نگرانی کرتے ہیں، مگر اضافی حفاظتی پالیسی کے تحت گلوبل فنڈ کو منصوبوں کے انتظام اور عمل درآمد میں زیادہ براہ راست مداخلت کا اختیار حاصل ہوجاتا ہے
گلوبل فنڈ نے پاکستان میں حکومتی پروگراموں کی کارکردگی، قیادت، مالیاتی نگرانی اور احتساب پر شدید تحفظات ظاہر کیے ادارے کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملکی اور بیرونی مالی وسائل کو مؤثر بیماریوں کے خاتمے کے پروگراموں میں تبدیل کرنے میں ناکام رہیں
2020 سے 2022 کے دوران پاکستان میں قومی رابطہ یونٹ کے سربراہ 10 مرتبہ تبدیل کیے گئے۔ اس عرصے میں متعدد تقرریاں سیاسی بنیادوں پر ہونے کی نشاندہی بھی کی گئی سوال یہ ہے کہ جب اداروں میں مستقل قیادت ہی موجود نہ ہو اور اہم عہدے سیاسی مداخلت کے تابع ہوں تو اربوں روپے کے عوامی اور بین الاقوامی منصوبے کس طرح کامیاب ہوسکتے ہیں؟
اعداد و شمار پاکستان کے صحت کے نظام کی ناکامی کا ایک اور پریشان کن پہلو سامنے لاتے ہیں عالمی ادارہ صحت اور یو این ایڈز کے تخمینوں کے مطابق پاکستان میں ایڈز کے نئے کیسز سالانہ تقریباً 16 ہزار سے بڑھ کر 2024 میں 48 ہزار ہوگئے یعنی 14 برسوں میں نئے کیسز میں تقریباً 200 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ محض اعداد و شمار نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کی زندگیوں، مستقبل اور صحت سے جڑا ہوا انسانی المیہ ہے
اس صورتحال کا سب سے بڑا نقصان غریب اور عام شہریوں کو اٹھانا پڑتا ہے ایک طرف مریض علاج، دواؤں اور تشخیص کے لیے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، دوسری طرف حکومتی اداروں کی ناقص کارکردگی اور انتظامی کمزوریاں بیماریوں کے خلاف جنگ کو مزید مشکل بنا دیتی ہیں
پاکستان کے لیے ایک اور تشویشناک حقیقت یہ ہے کہ 2024 میں ایڈز کے پروگرام کی 90 فیصد مالی معاونت گلوبل فنڈ سے حاصل ہوئی اس کا مطلب ہے کہ ملک اپنے بنیادی صحت کے پروگراموں کو چلانے کے لیے بھی بڑی حد تک بیرونی امداد پر انحصار کرتا ہے اگر عالمی امداد میں کمی آتی ہے تو لاکھوں مریضوں کے علاج اور بیماریوں کی روک تھام کے پروگرام متاثر ہوسکتے ہیں
گلوبل فنڈ نے پاکستان سے اضافی حفاظتی پالیسی ختم کرنے کے لیے واضح اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جن میں صوبائی بجٹ کی بروقت فراہمی، مالیاتی نگرانی، پروگراموں کی بہتر کارکردگی، سیاسی عزم اور آڈٹ سفارشات پر عمل درآمد شامل ہیں
پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اب یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ عوامی صحت کے لیے مختص رقوم کا شفاف استعمال کرسکتی ہیں، اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد رکھ سکتی ہیں اور بیماریوں کے خلاف حقیقی نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں
اصل سوال یہ نہیں کہ پاکستان کی عالمی ساکھ کتنی متاثر ہوئی، بلکہ یہ ہے کہ مریضوں کی زندگیاں کیوں خطرے میں ہیں، اربوں ڈالر کی امداد کے باوجود بیماریوں میں اضافہ کیوں ہوا اور ان ناکامیوں کا حساب عوام کو کون دے گا؟
عوام کو صرف وعدے نہیں، علاج، دوائیں، شفافیت اور جواب دہی چاہیے اگر عوام کی زندگی بچانے کے لیے آنے والی رقم بھی نظام کی نااہلی کی نذر ہوجائے تو یہ صرف انتظامی ناکامی نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے

قومی خبریں سے مزید