اختلافِ رائے کا جواب دلیل سے نہیں، چھاپوں، گرفتاریوں اور کردار کشی سے؟ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف محاذ آرائی نے نئے سیاسی بحران کو جنم دے دیا
اسلام آباد :پاکستان میں سیاسی اختلاف کو دبانے کے لیے ریاستی طاقت کے استعمال، کردار کشی اور مخالفین کو خوف زدہ کرنے کے الزامات ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر رہے ہیں،اس مرتبہ نشانے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کی جماعت دکھائی دے رہی ہے، جو نہ صرف حکومتی پالیسیوں بلکہ خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل، صوبائی خودمختاری اور مجوزہ انتظامی تبدیلیوں پر بھی کھل کر سوالات اٹھا رہی ہے
صورتحال کا سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے سیاسی بیانات کا جواب سیاسی اور آئینی دلائل سے دینے کے بجائے ان کے خاندان، جماعت اور قریبی رہنماؤں کو مختلف نوعیت کے الزامات اور کارروائیوں کی زد میں لانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں
گزشتہ دنوں مولانا کے صاحبزادے اسعد محمود سے منسوب ایک مبینہ نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی،ابتدا میں اس کی حقیقت کے بارے میں سوالات اٹھے، لیکن 12 نومبر کو سامنے آنے والی اے ایف پی کی تحقیقات نے اس معاملے کی نوعیت واضح کر دی،ویڈیو کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ جعلی مواد قرار دیا گیا،اس میں سی سی ٹی وی کی تحریر اور وقت کے ہندسوں میں تکنیکی نقائص بھی سامنے آئے اور ماہرین نے ویڈیو کے تقریباً 99 فیصد مناظر کے اے آئی سے تیار ہونے کا امکان ظاہر کیا،یوں سیاسی اختلاف کے ماحول میں ایک خاندان کی نجی زندگی کو نشانہ بنانے والی مہم کی ساکھ بھی سنگین سوالات کی زد میں آ گئی
اس کے ساتھ ہی مولانا فضل الرحمٰن کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کی مبینہ ڈرون فوٹیج، پولیس کی آمد اور تجاوزات سے متعلق نوٹس کا معاملہ بھی سامنے آیا،بی بی سی اردو کے مطابق پولیس حکام نے مولانا کی رہائش گاہ کے قریب اپنی آمد کو ایک غلط فہمی کا نتیجہ قرار دیا، تاہم اس واقعے نے حکومت اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا دیا
بلوچستان میں معاملہ اس سے بھی زیادہ سنگین صورت اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے،جے یو آئی کے سینیٹر اور ممتاز قانون دان کامران مرتضیٰ نے سینیٹ میں تحریک استحقاق جمع کرائی، جس میں الزام لگایا گیا کہ 4 نومبر کو تقریباً 40 افراد نے کوئٹہ میں ان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا، دروازوں پر لاتیں ماریں، دیواروں پر چڑھ کر گھر کے اندر کی تصاویر بنائیں اور اہل خانہ، خصوصاً خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا،ان کے مطابق یہی افراد ان کے آبائی گھر بھی پہنچے،اس واقعے پر پاکستان بار کونسل نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ اور دیگر وکلا رہنماؤں کے گھروں اور دفاتر پر پولیس چھاپوں کی مذمت کی ہے
ادھر 11 نومبر کو جے یو آئی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے سیکرٹری مفتی ابرار احمد سمیت 200 سے زائد نامعلوم کارکنوں کے خلاف دہشت گردی سمیت متعدد سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے،پولیس کا الزام ہے کہ مقدمے میں نامزد افراد نے اہلکاروں پر تشدد کیا، جبکہ جمعیت اسے سیاسی دباؤ اور انتقامی کارروائی قرار دے رہی ہے
سوشل میڈیا پر پولیس کی بھاری نفری، ہیلمٹ پہنے اہلکاروں اور کارکنوں کو پکڑ کر لے جانے کی مختلف ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں،بعض پوسٹس میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر کارکنوں، رہنماؤں، دفاتر اور رہائش گاہوں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کے دعوے کیے جا رہے ہیں،
یہاں اصل سوال صرف مولانا فضل الرحمٰن یا ان کی جماعت کا نہیں بلکہ پاکستان میں اختلافِ رائے کے مستقبل کا ہے،اگر کوئی سیاسی رہنما پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر حکومتی پالیسیوں کو چیلنج کرتا ہے، جلسوں میں تقریر کرتا ہے، پریس کانفرنسوں میں سوال اٹھاتا ہے اور ریاستی بیانیے سے اختلاف کرتا ہے تو کیا اس کا جواب دلیل، اعدادوشمار اور آئینی وضاحت سے نہیں دیا جانا چاہیے؟ کیا سیاسی مخالف کو خاموش کرانے کے لیے اس کے خاندان کی ویڈیوز، کردار کشی کی مہم، مقدمات اور پولیس کارروائیاں ہی واحد راستہ رہ گیا ہے؟
مولانا فضل الرحمٰن کے سیاسی ماضی، ان کے بدلتے ہوئے مؤقف، مختلف ادوار میں حکمران جماعتوں کے ساتھ ان کے اتحاد اور بعض معاملات میں ان کے تضادات پر سخت سوالات اٹھائے جا سکتے ہیں،ان کے سیاسی فیصلوں کا احتساب بھی جمہوریت کا حصہ ہے،لیکن کسی رہنما کے تضادات کو بنیاد بنا کر اس کے بنیادی شہری اور سیاسی حقوق ختم نہیں کیے جا سکتے،سیاسی تنقید کا جواب سیاسی احتساب ہے، ریاستی جبر نہیں
خیبر پختونخوا میں معدنی وسائل اور ان پر صوبے کے اختیار کا سوال بھی اسی کشمکش کا اہم حصہ ہے،مولانا فضل الرحمٰن اور ان کی جماعت کا مؤقف ہے کہ صوبے کے وسائل سے متعلق معاہدوں، خصوصاً غیر ملکی سرمایہ کاری اور معدنیات کے استحصال کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں،جے یو آئی نے اس معاملے پر 15 نومبر کو خیبر پختونخوا بھر میں احتجاج کا اعلان بھی کیا ہے،جماعت نے صوبے میں نافذ ایمرجنسی کو دہشت گردی کے بجائے انسدادِ تجاوزات کی کارروائیوں کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے
یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے کہ معدنی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں صوبوں کا حصہ کیا ہوگا، آئین کے آرٹیکل 160 کے تحت این ایف سی ایوارڈ کی روح کے مطابق وسائل کی تقسیم کیسے ہوگی اور قدرتی دولت پر صوبوں کے حقوق کو کس حد تک محفوظ رکھا جائے گا،اگر ان سوالات کا جواب موجود ہے تو حکومت کو پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے اسے واضح کرنا چاہیے، نہ کہ سوال اٹھانے والوں کو مشکوک بنانے کی کوشش کرنی چاہیے
اس تمام سیاسی کشیدگی کے درمیان ایک اور بڑا تضاد سامنے آتا ہے،خیبر پختونخوا دہشت گردی اور بدامنی کے شدید دباؤ میں ہے، بلوچستان طویل شورش، بداعتمادی، ٹارگٹ کلنگ اور مسلح تصادم کا سامنا کر رہا ہے،دونوں صوبوں میں عام شہری پہلے ہی خوف، عدم تحفظ، بے روزگاری اور غیر یقینی مستقبل کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں،ایسے حالات میں حکومت کی اولین ترجیح سیاسی کشیدگی کم کرنا، عوام کا اعتماد بحال کرنا اور صوبوں کے تحفظات دور کرنا ہونی چاہیے تھی
لیکن اگر پہلے سے آگ میں گھرے ہوئے ان دونوں صوبوں میں سیاسی محاذ آرائی کو مزید ہوا دی جائے، مخالف جماعتوں کے کارکنوں کو گرفتار کیا جائے، رہنماؤں کے گھروں پر کارروائیوں کے الزامات سامنے آئیں اور صوبائی حقوق کے سوال کو بھی سیاسی دشمنی میں تبدیل کر دیا جائے تو اس کا نقصان کسی ایک جماعت کو نہیں بلکہ پورے وفاق کو ہوگا، مولانا فضل الرحمان کی نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے پس منظر میں اس دلیل کہ جب ایک گھر کے دو کونوں میں آگ لگی ہو تو عقل مند شخص پہلے آگ بجھاتا ہے یا گھر کی دیواریں گرانے اور اسے مزید تقسیم کرنے کا فیصلہ کرتا ہے؟ جواب یہ نہیں کہ انکے صاحبزادے کی ویڈیوجاری کردی جائے یا اس پر نوکریاں دینے کے الزامات کے ساتھ انکی جماعت کے کارکنوں کی ملک بھر میں گرفتاریاں شروع کردی جائیں ، اگر نئے صوبوں اور انتظامی یونٹسکی ضرورت کے حق میں ٹھوس اور مدلل جواب ہے تو وہ دیا جانا چاہیئے تھا
خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے موجودہ حالات میں وفاقی حکومت کو دونوں صوبوں کے تحفظات سننے، وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے اور سیاسی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی بھی ضرورت ہے،اگر صوبوں کے حقوق، این ایف سی ایوارڈ اور قدرتی وسائل پر اختیار کے سوالات کو محض سیاسی مخالفت سمجھ کر دبانے کی کوشش جاری رکھی گئی تو یہ بحران کسی ایک رہنما یا جماعت تک محدود نہیں رہے گا
ریاست کی طاقت کا اصل امتحان مخالف آواز کو خاموش کرانا نہیں بلکہ اسے سننے، اس کے سوالات کا جواب دینے اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اختلاف برداشت کرنے میں ہے،بندوق، مقدمے، چھاپے اور کردار کشی وقتی طور پر آوازیں دبا سکتے ہیں، لیکن عوام کے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات ہمیشہ کے لیے ختم نہیں کرسکتے ، واضع رہے صوبہ کے پی میں دھشتگردی گزشتہ بیس سال میں آج جس تیزی سے بڑھ رہی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور مولانا کا الزام ہے فوج ان پر دھشگردی سے نمٹنے کے لیے عوامی لشکر بنانے کا مطالبہ کررہی ہے جبکہ مولانا کا کہنا ہے بنگلہ دیش میں جب وہ مشرقی پاکستان تھا اور وہاں اسی فوج نے بنگالیوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تو جماعت اسلامی سے البدر اور الشمس بنوا کر ان سے کام لیا وہ جہاں ایک طرف تاریخ کا حصہ ہے وہیں جماعت اسلامی اور بنگلہ دیش کے جو تعلقات ہیں وہ بھی کسی سے ڈھکے چھپے ہیں، مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے دھشگردی سے نمٹنا فوج کا کام ہے جس کے وہ پیسے لیتی ہے ہم بطور پاکستانی انکی حمایت کریں گے مگر لڑنا جنگ کرنا ہمارا یا کسی عام پاکستانی کا کام نہیں ، یہاں یہ بھی یاد رہے پاکستان میں سیاسی مخالفین کے خلاف بدعنوانی سے لیکر قتل ڈکیتی غداری تک کے مقدمات قائم کرکے انکی گرفتاریاں اوران پر تشدد معمول ہے






