فرانس نے ایران کے پاسداران انقلاب کو ملک بھر میں سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزر سائبر حملوں کے ذریعے ناکارہ بنانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تہران کے خلاف یورپی سطح پر مزید پابندیوں کی دھمکی دے دی ہے فرانسیسی حکام کے مطابق اکتوبر میں ہونے والے ان حملوں نے تقریباً 700 تجارتی مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں خوراک خراب ہوئی، فریجوں میں آگ بھڑکی اور کاروبار کو کروڑوں یورو کے ممکنہ نقصان کا سامنا کرنا پڑا
فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے پیر 9 نومبر کو اعلان کیا کہ ایران کے سفیر کو فرانسیسی وزارت خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ حملہ اپنی وسعت اور شدت کے لحاظ سے غیر معمولی تھا اور فرانس اس میں ملوث افراد کے خلاف یورپی سطح پر پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کرے گا
فرانسیسی حکام کے مطابق 11 اور 12 اکتوبر کو ہونے والے سائبر حملوں میں ہیکرز نے تجارتی فریجوں اور فریزروں کے درجہ حرارت کو دور بیٹھے تبدیل کر دیا۔ بعض آلات میں درجہ حرارت اتنا بڑھا دیا گیا کہ آگ لگ گئی، جبکہ گوشت، دودھ، آئس کریم اور دیگر خراب ہونے والی اشیا ضائع ہو گئیں سپر مارکیٹوں کے ملازمین کو بڑی مقدار میں خراب خوراک کو کچرے کے ڈبوں میں منتقل کرنا پڑا
فرانسیسی سائبر اور انٹیلی جنس اداروں کی مشترکہ رپورٹ میں ان حملوں کا ذمہ دار شاہد کاوے نامی ایرانی سائبر یونٹ کو قرار دیا گیا ہے، جسے پاسداران انقلاب کے الیکٹرانک اور سائبر مرکز سے وابستہ بتایا گیا ہے حکام نے اس یونٹ کے مبینہ سربراہ حمید رضا لشکرین اور اس کے 2 ساتھیوں مہدی لشکرین اور رضا سالاروند کے نام بھی سامنے رکھے ہیں
پیرس کے پراسیکیوٹر دفتر نے شاہد کاوے یونٹ کے سربراہ اور اس کے معاونین کے خلاف عدالتی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مبینہ ملزمان کے لیے بین الاقوامی گرفتاری وارنٹ کی درخواست بھی کی گئی ہے فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں استعمال ہونے والے ڈیجیٹل نظام، فارسی زبان کے نشانات اور سابقہ سائبر کارروائیوں سے مماثلت کی بنیاد پر ایرانی یونٹ تک رسائی حاصل کی گئی
رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے فریجوں کے نظام میں داخل ہو کر غیر معمولی اور مسلسل ڈی فراسٹ سائیکل شروع کیے، جس سے درجہ حرارت بڑھتا رہا ساتھ ہی حفاظتی الارم بھی بند کر دیے گئے تاکہ عملے کو بروقت خبردار نہ کیا جا سکے فرانس میں کم از کم 15 آگ لگنے کے واقعات کی اطلاع دی گئی، جبکہ بعض دیگر رپورٹوں میں یہ تعداد تقریباً 20 بتائی گئی ہے
فرانسیسی حکام نے ان حملوں کو محض خوراک خراب کرنے کا واقعہ نہیں بلکہ قومی سلامتی اور شہریوں کے مفادات پر سائبر حملہ قرار دیا ہے وزیر خارجہ بارو کے مطابق فرانس ایسے اقدامات کرے گا جو ذمہ داروں کو سزا دینے کے ساتھ مستقبل میں اس نوعیت کے حملوں کو روکنے میں مدد دیں
ان حملوں کے بعد نومبر میں یورپ کے دیگر ممالک میں بھی اسی نوعیت کی کارروائیاں سامنے آئیں کم از کم 9 یورپی ممالک میں سپر مارکیٹوں کے فریزر اور سرد ذخیرہ کرنے والے نظام متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ فرانس کے بلڈ بینکوں میں استعمال ہونے والے بعض فریج بھی سائبر حملوں کی زد میں آئے۔ خون کے نمونوں کو محفوظ رکھنے کے لیے عملے کو کچھ مواد دوسرے سرد ذخیرہ کرنے والے آلات میں منتقل کرنا پڑا، تاہم ان نمونوں کے خراب ہونے کی اطلاع نہیں ملی
امریکہ میں بھی اگست کے دوران کم از کم 6 فوجی مراکز کے تجارتی فریج ناکارہ ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا امریکی محکمہ دفاع اس معاملے کو ممکنہ سائبر حملہ سمجھ کر تحقیقات کر رہا ہے اور ایران کو ایک مشتبہ فریق کے طور پر دیکھ رہا ہے، تاہم ابھی تک فرانس، امریکہ اور دیگر یورپی واقعات کے درمیان کسی براہ راست تعلق کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق ان حملوں کی کامیابی کی ایک وجہ پرانے آلات اور غیر اپ ڈیٹ شدہ سافٹ ویئر بھی ہو سکتے ہیں بعض فریج کنٹرولرز انٹرنیٹ سے براہ راست منسلک تھے یا ان میں حفاظتی خامیاں موجود تھیں، جس سے ہیکرز کو نظام تک رسائی حاصل کرنا نسبتاً آسان ہو گیا
ایران نے ماضی میں بھی ریاستی سطح پر سائبر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کی ہے۔ اس تازہ معاملے پر ایرانی حکام کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا فرانس کے الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ اور یورپ میں سائبر تخریب کاری کے خدشات پہلے ہی عالمی سلامتی کے لیے اہم مسئلہ بنے ہوئے ہیں






