واشنگٹن: امریکہ میں خسرے کی وبا ایک بار پھر تشویشناک صورتحال اختیار کرگئی ہے،پنسلوانیا میں خسرے کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1,500 سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ ملک بھر میں رواں سال اب تک 5,182 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں،اس صورتحال کے باعث امریکہ کو 26 سال سے حاصل خسرے سے پاک ملک کا درجہ کھونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے
پنسلوانیا میں کیسز میں اضافے کے باوجود ملک کی گزشتہ تین دہائیوں کی سب سے بڑی خسرے کی وبا میں اب کمی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں،تاہم صحت عامہ کے ماہرین کے لیے تشویش کی بات یہ ہے کہ بیماری اب بھی ملک کی مختلف ریاستوں اور آبادیوں میں پھیل رہی ہے
پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن کے بین الاقوامی صحت کے رہنما رواں ہفتے اجلاس کررہے ہیں، جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا امریکہ کو خسرے سے پاک ملک کا درجہ برقرار رکھنا چاہیے یا نہیں،یہ ادارہ عالمی ادارہ صحت (WHO) سے منسلک ہے
امریکہ نے 2000 میں خسرے کے خاتمے کا درجہ حاصل کیا تھا،اگر یہ حیثیت واپس لے لی گئی تو اس کا مطلب ہوگا کہ خسرہ، جس سے ویکسین کے ذریعے بچاؤ ممکن ہے، امریکہ کی مختلف کمیونٹیز میں دوبارہ مسلسل پھیلنے والی بیماری بن چکا ہے
امریکی ادارہ برائے انسداد امراض (CDC) کے مطابق گزشتہ جمعرات تک ملک بھر میں رواں سال خسرے کے 5,182 کیسز رپورٹ ہوچکے تھے، جو پورے 2025 میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد سے دوگنے سے بھی زیادہ ہیں،یہ کیسز 47 ریاستوں اور شہروں میں سامنے آئے ہیں






