واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈٹرم انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی بدترین شکست کے بعد اپنی سخت امیگریشن پالیسی میں نرمی کا عندیہ دیتے ہوئے ڈیموکریٹس کے ساتھ معاہدے پر آمادگی ظاہر کردی ہے،تاہم ڈیموکریٹ رہنماؤں نے ان کے بیان پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ محض بیانات کافی نہیں، حکومت کو اپنے ارادوں کا عملی ثبوت دینا ہوگا
صدر ٹرمپ نے جمعے کے روز ریکارڈ کیے گئے CBS کے پروگرام 60 Minutes کے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ ان کی انتظامیہ کی بڑے پیمانے پر غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کی پالیسی شاید ضرورت سے زیادہ سخت رہی ہے
انہوں نے کہا کہ جو لوگ امریکہ میں موجود ہیں اور بعض صورتوں میں 10 سے 15 سال سے یہاں رہ رہے ہیں، ان کے لیے کسی معاہدے یا قانونی حل پر غور کیا جاسکتا ہے
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے مڈٹرم انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا،انتخابی حکمت عملی کے ماہرین کے مطابق انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسی اور بڑے پیمانے پر ملک بدری کی کارروائیوں نے عوامی سطح پر شدید ردعمل پیدا کیا، جس سے ڈیموکریٹس کو کئی دہائیوں کی بہترین انتخابی کامیابیوں میں سے ایک حاصل کرنے میں مدد ملی
پیر کے روز وزیر داخلہ مارک وین مولن نے بھی ٹرمپ کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ امیگریشن اصلاحات کے معاملے پر ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کریں،انہوں نے میری لینڈ میں ایک کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے تعاون کے لیے رابطے کیے گئے ہیں اور انتظامیہ ان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے
دونوں سیاسی جماعتوں میں ٹرمپ کی اس اچانک تبدیلی کے بارے میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں،ڈیموکریٹس بالخصوص یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ آیا صدر واقعی امیگریشن پالیسی میں بنیادی تبدیلی چاہتے ہیں یا انتخابی شکست کے بعد محض سیاسی دباؤ کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں
ڈیموکریٹس کی تشویش کی ایک بڑی وجہ اسٹیفن ملر کی تقرری بھی ہے، جو ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسی کے بنیادی معمار سمجھے جاتے ہیں،ٹرمپ نے انتخابات میں شکست کے چند روز بعد انہیں وائٹ ہاؤس میں اہم عہدے پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے امیگریشن پالیسی میں حقیقی نرمی کے دعوے سے متضاد سمجھا جارہا ہے
ڈیموکریٹس کا مؤقف ہے کہ اگر صدر واقعی برسوں سے امریکہ میں مقیم تارکین وطن کے مستقبل کے لیے کوئی راستہ نکالنا چاہتے ہیں تو انہیں ایسے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے جن سے لاکھوں خاندانوں کو غیر یقینی صورتحال سے نجات مل سکے
صدر ٹرمپ کے بیان سے امیگریشن کے معاملے پر نئی سیاسی بحث شروع ہوگئی ہے۔ اب اصل سوال یہ ہے کہ آیا انتخابی شکست کے بعد وائٹ ہاؤس اپنی سخت پالیسی تبدیل کرنے کے لیے واقعی تیار ہے یا یہ صرف سیاسی دباؤ کے تحت اختیار کیا گیا نیا لہجہ ہے






