نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معاشیات کا ڈیموکریٹس کو انتباہ، محنت کش طبقے سے دوری پارٹی کے لیے بڑا سیاسی خطرہ بن سکتی ہے
واشنگٹن: امریکہ کے معروف ماہرِ معاشیات اور نوبیل انعام یافتہ دارون عجم اوغلو نے ڈیموکریٹک پارٹی کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے محنت کش اور متوسط طبقے کے معاشی مسائل کو اپنی سیاست کا مرکز نہ بنایا تو اسے سیاسی سطح پر مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے
یہ انتباہ 2024ء کے نوبیل معاشیات انعام کے مشترکہ فاتح اور میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) کے پروفیسر دارون عجم اوغلو کی جانب سے سامنے آیا ہے،بلومبرگ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لبرل اور ترقی پسند سیاسی قوتیں محنت کش طبقے کے معاشی مسائل اور اس کی سیاسی نمائندگی کے معاملے میں ناکام رہی ہیں،ان کے مطابق عالمی تجارت، صنعتی شعبے میں تبدیلیوں، خودکاری اور نئی ٹیکنالوجی نے عام کارکنوں کے روزگار اور آمدنی کو متاثر کیا ہے ،لیکن سیاسی قیادت ان تبدیلیوں کے منفی اثرات کا مؤثر جواب دینے میں کامیاب نہیں ہوئی
عجم اوغلو کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس اور دیگر لبرل سیاسی قوتوں کو اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کرتے ہوئے ایسی معاشی پالیسیوں کو ترجیح دینی چاہیے جن سے عام کارکنوں، کم آمدنی والے خاندانوں اور متوسط طبقے کو حقیقی فائدہ پہنچے،ان کے نزدیک محض ثقافتی اور نظریاتی مباحث پر توجہ دینے کے بجائے روزگار، اجرت، معاشی عدم مساوات اور عوامی خوشحالی کو سیاسی ترجیحات میں شامل کرنا ضروری ہے
انہوں نے سوشل میڈیا کے الگورتھمز کے کردار پر بھی تشویش ظاہر کی،ان کے مطابق سوشل میڈیا کے خودکار نظام معاشرے میں اشتعال انگیز مواد کو زیادہ نمایاں کرکے سیاسی تقسیم اور عدم برداشت کو بڑھا سکتے ہیں،ان کا مؤقف ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی بنیادی حق ہے، لیکن سوشل میڈیا الگورتھمز کے ذریعے عوامی رائے کو مخصوص سمت میں دھکیلنے اور تقسیم کو ہوا دینے کے عمل کو آزادیٔ اظہار نہیں کہا جا سکتا
عجم اوغلو نے مصنوعی ذہانت کے مستقبل پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کا مقصد صرف بڑی کمپنیوں کے منافع میں اضافہ نہیں بلکہ عام کارکنوں کی پیداواری صلاحیت، روزگار اور معاشی تحفظ بہتر بنانا ہونا چاہیے
ان کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ اگر ڈیموکریٹس نے محنت کش طبقے کا اعتماد بحال نہ کیا اور مشترکہ معاشی خوشحالی کو اپنی سیاست کا محور نہ بنایا تو امریکی جمہوریت اور خود لبرل سیاست کو درپیش بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے





