کیلیفورنیا میں 72 سالہ شہری کی فائرنگ سے آف ڈیوٹی امیگریشن اہلکار زخمی، باپ بیٹی پر حملے کے الزام میں مقدمہ
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک 72 سالہ شخص نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ایک آف ڈیوٹی اہلکار کو گولی مار کر زخمی کردیا،پولیس کے مطابق اہلکار پر الزام ہے کہ اس نے نشے کی حالت میں شہری اور اس کی بیٹی پر ان کی رہائش گاہ کے احاطے میں حملہ کیا
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق واقعہ جمعہ کی صبح فریسنو شہر میں پیش آیا،پولیس کا کہنا ہے کہ گولی لگنے سے زخمی ہونے والے اہلکار کی شناخت ڈیوڈ گونزالیز کے نام سے ہوئی ہے،انہیں جسم کے درمیانی حصے میں گولی لگی اور طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا
فریسنو پولیس کے مطابق رات تقریباً 3 بجے ایک خاتون نے گونزالیز کو اپنے والد کے گھر کے سامنے لان میں سوتے ہوئے دیکھا،خاتون نے گھر کے اندر موجود اپنے 72 سالہ والد کو اطلاع دی اور اہلکار کو وہاں سے جانے کے لیے کہا
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق اہلکار مشتعل اور مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا،اس پر باپ اور بیٹی کے ساتھ حملہ کرنے کا الزام ہے، جس کے تحت اسے سنگین نوعیت کے فوجداری الزامات کا سامنا ہے
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ڈیوڈ گونزالیز کب سے آئی سی ای میں تعینات تھے اور ادارے میں ان کی ذمہ داریاں کیا تھیں،امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی، جس کے ماتحت آئی سی ای کام کرتا ہے، نے اس معاملے پر سوالات کے لیے صحافیوں کو فریسنو پولیس سے رجوع کرنے کا کہا ہے
پولیس کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں،اہلکار کے خلاف الزامات کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین عدالتی کارروائی میں ہوگا





