امریکی انتخابات سے قبل آئی سی ای زیرحراست تارکین وطن سے غیرقانونی ووٹنگ کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے لگی
امریکا کے وسط مدتی انتخابات سے چند ہفتے قبل امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ، آئی سی ای، نے زیرحراست تارکین وطن سے یہ پوچھنا شروع کر دیا ہے کہ آیا انہوں نے کبھی غیرقانونی طور پر ووٹ دیا اور اگر دیا تو ووٹ ڈاک کے ذریعے ڈالا یا پولنگ اسٹیشن پر جا کر،
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق آئی سی ای نے اگست کے آخر میں اپنے حراستی نظام کے سوالنامے میں اس حوالے سے سوال شامل کیا تھا، جبکہ یکم اکتوبر کی ایک داخلی ہدایت میں افسران کو کہا گیا کہ اگر کوئی زیرحراست شخص غیرقانونی ووٹنگ کا اعتراف کرے تو اس سے ووٹ ڈالنے کے طریقے کے بارے میں بھی پوچھا جائے
یہ کارروائی ٹرمپ انتظامیہ کی غیرشہری ووٹنگ کے خلاف وسیع مہم کا حصہ ہے،محکمہ انصاف نے بھی 5 اکتوبر کو 16 غیرملکی شہریوں کے خلاف غیرقانونی ووٹنگ اور جعلی ووٹر رجسٹریشن کے الزامات میں مقدمات کا اعلان کیا،تاہم انتخابی ماہرین کے مطابق غیرشہریوں کی غیرقانونی ووٹنگ کے واقعات انتہائی کم ہیں
رپورٹ کے مطابق آئی سی ای نے مقامی انتخابی حکام سے ووٹر ریکارڈ بھی حاصل کیے ہیں، جبکہ انتخابات کے قریب وفاقی امیگریشن اہلکاروں کی سرگرمیوں پر ووٹرز کو خوفزدہ کرنے اور انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں





