Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

جرمنی کے سابق جاسوس سربراہ گرفتار، جاسوسی اور غداری کا شبہ، تقریباً 2,000 خفیہ دستاویزات کا معاملہ

جرمنی کے سابق جاسوس سربراہ گرفتار، جاسوسی اور غداری کا شبہ، تقریباً 2,000 خفیہ دستاویزات کا معاملہ

جرمنی کی وفاقی انٹیلی جنس سروس کے سابق سربراہ آگسٹ ہاننگ کو جاسوسی، ریاستی راز حاصل کرنے اور غداری کی کوشش کے شبہے میں گرفتار کرلیا گیا ہے،80 سالہ ہاننگ نے 1998 سے 2005 تک جرمنی کی غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی بی این ڈی کی سربراہی کی تھی،جرمن وفاقی استغاثہ کے مطابق ان پر الزام ہے کہ انہوں نے حساس سرکاری معلومات ایک غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کے لیے استعمال کیں
اسی کیس میں بی این ڈی کے سابق اہلکار مانفریڈ ڈی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے،استغاثہ کے مطابق دونوں نے 2010 میں مبینہ طور پر ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت مانفریڈ ڈی رقم کے عوض ہاننگ کو بی این ڈی کی حساس معلومات فراہم کرتا رہا،تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ کئی برسوں کے دوران تقریباً 2,000 دستاویزات ہاننگ تک پہنچائی گئیں، جن میں بڑی تعداد ایسی معلومات کی تھی جو بی این ڈی کے اندرونی استعمال اور اعلیٰ سطح کی انٹیلی جنس بریفنگز کے لیے مخصوص تھیں
استغاثہ کے مطابق ہاننگ نے ان معلومات کو اپنی نجی مشاورتی سرگرمیوں میں استعمال کیا اور ایک موقع پر خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک غیر ملکی انٹیلی جنس اہلکار کے لیے تجزیاتی رپورٹ بھی تیار کی،حکام نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ مبینہ طور پر کس ملک یا غیر ملکی خفیہ ادارے کو معلومات فراہم کی گئیں اور آیا یہ مخصوص مواد مطلوبہ شخص تک پہنچا بھی یا نہیں،ہاننگ پر ایک دوسرے غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے کے نمائندے سے طویل عرصے تک رابطے اور اسے سیاسی معلومات فراہم کرنے کا بھی الزام ہے
جرمن حکام کے مطابق مانفریڈ ڈی 2012 سے مارچ 2026 تک بی این ڈی کے متعدد سربراہوں کے چیف آف اسٹاف کے طور پر کام کرتا رہا، جس کی وجہ سے اسے انتہائی حساس معلومات تک رسائی حاصل تھی،دونوں افراد کی گرفتاری کے ساتھ ان کے متعلقہ مقامات پر تلاشی بھی لی گئی ہے
یہ مقدمہ جرمنی کی انٹیلی جنس تاریخ میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ الزام براہ راست ملک کی غیر ملکی جاسوسی ایجنسی کے سابق سربراہ پر عائد ہوا ہے،تاہم حکام کی جانب سے لگائے گئے الزامات ابھی عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں

قومی خبریں سے مزید