Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

مین سینیٹ کی پہلی بحث میں سوزن کولنز اور ٹرائے جیکسن آمنے سامنے، ٹرمپ اور سینیئرٹی پر سخت مقابلہ

مین سینیٹ کی پہلی بحث میں سوزن کولنز اور ٹرائے جیکسن آمنے سامنے، ٹرمپ اور سینیئرٹی پر سخت مقابلہ

امریکی ریاست مین میں سینیٹ کے اہم انتخابی مقابلے کے ری پبلکن امیدوار سینیٹر سوزن کولنز اور ڈیموکریٹک امیدوار ٹرائے جیکسن پہلی مرتبہ براہ راست مباحثے میں آمنے سامنے آگئے، جہاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مہنگائی، اخراجات زندگی، اسقاط حمل اور سینیٹ میں تجربے سمیت کئی اہم معاملات پر ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا
ایک گھنٹے کے مباحثے میں جیکسن نے زیادہ تر توجہ کولنز کو ٹرمپ کے ساتھ جوڑنے پر مرکوز رکھی اور بحث کے دوران کم از کم 20 مرتبہ ٹرمپ کا نام لیا،انہوں نے کہا کہ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ کون کس کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ ٹرمپ یا ارب پتیوں کا کوئی احسان نہیں رکھتے
کولنز نے جواب میں ٹرمپ انتظامیہ سے اپنے متعدد اختلافات گنوائے،انہوں نے کہا کہ وہ ٹیرف، امیگریشن کے نفاذ اور ایران میں فوجی کارروائی سمیت کئی معاملات پر ٹرمپ کی پالیسیوں کی مخالفت کر چکی ہیں،کولنز نے یہ بھی یاد دلایا کہ انہوں نے 6 جنوری 2021 کے واقعات کے بعد ٹرمپ کے مواخذے میں انہیں سزا دینے کے حق میں ووٹ دیا تھا
کولنز نے انتخابی مقابلے کو قومی سیاست سے ہٹا کر مین کے مقامی مسائل پر مرکوز کرنے کی کوشش کی اور سینیٹ میں اپنے طویل تجربے کو اپنی انتخابی مہم کا اہم حصہ بنایا،انہوں نے بطور چیئر، سینیٹ کی طاقتور مختص کمیٹی میں اپنے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 برس میں وہ مین کے لیے 672 منصوبوں کی مد میں 1.5 ارب ڈالر کی وفاقی رقم حاصل کر چکی ہیں
جیکسن نے کولنز کے سینیئر ہونے کے دعوے کے مقابلے میں ریاست کے عام شہریوں کو درپیش مہنگے گھروں، توانائی اور روزمرہ اخراجات کے مسائل کو اجاگر کیا،کولنز نے بھی ان مسائل کا ذمہ دار ریاستی سطح کی ناکام پالیسیوں کو قرار دیتے ہوئے جیکسن کے سابق ریاستی سینیٹ صدر کی حیثیت سے کردار پر سوال اٹھائے
اسقاط حمل بھی بحث کا اہم موضوع رہا،جیکسن نے کولنز کے سپریم کورٹ کے جسٹس بریٹ کیوانا کی توثیق کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ کولنز کا مؤقف ہے کہ کیوانا نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ اسقاط حمل سے متعلق سابق قانونی حیثیت برقرار رہے گی
مین کی یہ سینیٹ نشست ڈیموکریٹس کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ پارٹی سینیٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے،کولنز پانچ مرتبہ سینیٹر منتخب ہو چکی ہیں اور جیکسن سابق ریاستی قانون ساز ہیں،دونوں امیدوار اکتوبر میں مزید تین مباحثوں میں بھی حصہ لیں گے

قومی خبریں سے مزید