ٹی وی مبلغ جم بیکر 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، مذہبی سلطنت، کروڑوں کے چندوں اور اسکینڈل نے شہرت کو رسوائی میں بدل دیا
امریکا کے معروف ٹی وی مبلغ اور مذہبی پروگرام پی ٹی ایل کے بانی جم بیکر 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے،ان کی اہلیہ لوری بیکر نے سوشل میڈیا پر ان کی موت کی اطلاع دی، تاہم موت کی وجہ اور مقام نہیں بتایا
جم بیکر 1980 کی دہائی میں امریکی ٹیلی ویژن پر عیسائی مذہبی نشریات کے ایک بڑے نام بن گئے تھے،اپنی پہلی اہلیہ ٹیمی فے بیکر کے ساتھ انہوں نے مذہبی پروگرام دی پی ٹی ایل کلب شروع کیا، جو بعد میں دی جم اینڈ ٹیمی شو کے نام سے نشر ہونے لگا،پروگرام میں مذہبی موسیقی، معروف مسیحی شخصیات سے گفتگو اور ناظرین سے چندوں کی اپیلیں شامل ہوتی تھیں
پی ٹی ایل، یعنی پریز دی لارڈ، بعد میں ایک وسیع مذہبی کاروباری سلطنت میں تبدیل ہوگیا،بیکر جوڑے نے ٹیلی ویژن پروگرام سے حاصل ہونے والے عطیات اور چندوں کے ذریعے شمالی کیرولائنا میں ایک بڑا مذہبی کمپلیکس قائم کیا، جس میں ہوٹل، تفریحی سہولتیں اور دیگر منصوبے شامل تھے
لیکن بیکر کی کامیابی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی،ان کی پرتعیش طرز زندگی اور مالی معاملات پر سوالات اٹھنے لگے اور جنسی اور مالی اسکینڈلز نے ان کی مذہبی سلطنت کو ہلا کر رکھ دیا،ان کے ناقدین نے طنزیہ طور پر پی ٹی ایل کے اصل نام پریز دی لارڈ کو بدل کر پاس دی لوٹ یعنی ’’لوٹ کی رقم آگے بڑھاؤ‘‘ کہنا شروع کر دیا تھا
مالی اسکینڈل کے بعد بیکر پر فراڈ کے مقدمات چلے اور انہیں جیل بھیج دیا گیا،یوں ایک زمانے میں امریکی مذہبی ٹیلی ویژن کے طاقتور ترین مبلغوں میں شمار ہونے والے جم بیکر 1980 کی دہائی کی مذہبی شہرت، دولت اور اسکینڈل کا ایک نمایاں علامتی کردار بن گئے
بیکر کی زندگی امریکی مذہبی نشریات کی اس تبدیلی کی بھی عکاسی کرتی ہے جس میں ٹیلی ویژن، مذہبی پیغامات اور بڑے پیمانے پر چندہ جمع کرنے کے نظام نے ایک نئی اور انتہائی منافع بخش صنعت کو جنم دیا




