Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

پاکپتن میں غیرت کے نام پر نوجوان قتل، دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

پاکپتن میں غیرت کے نام پر نوجوان قتل، دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن میں غیرت کے نام پر ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا مقتول کی شناخت سعید احمد کے نام سے ہوئی ہے جو کھیتوں میں مزدوری کرتا تھا پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے 2 نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے
اطلاعات کے مطابق پاکپتن کے علاقے چک 34/کے بی میں جمعے کی شب سعید احمد اپنے بھائیوں کے ہمراہ ایک ڈیرے پر سو رہا تھا کہ رات کے وقت شور کی آواز سے اس کے بھائیوں کی آنکھ کھل گئی۔ انہوں نے دیکھا کہ سعید اپنی چارپائی پر موجود نہیں تھا تلاش کے دوران جب وہ باہر پہنچے تو انہوں نے اسد جنید اور علی حسنین کو سعید کو گھسیٹ کر اپنے فارم ہاؤس کی طرف لے جاتے اور اس پر تشدد کرتے دیکھا
پولیس کے مطابق علی حسنین نے سعید احمد پر اپنی بیوی کے ساتھ ناجائز تعلقات کا الزام عائد کیا تھا۔ اسی الزام کی بنیاد پر علی حسنین نے مبینہ طور پر اپنے ساتھی اسد جنید کی معاونت سے سعید پر کلہاڑیوں اور لوہے کی سلاخوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا
مقتول کے بھائی جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزمان فرار ہو گئے، تاہم سعید احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پاکپتن منتقل کر دیا
احمد یار پولیس نے مقتول کے بھائی اللہ رکھا کی مدعیت میں اسد جنید اور علی حسنین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ قتل کے تمام محرکات اور دیگر حقائق سامنے لائے جا سکیں
غیرت کے نام پر قتل کے واقعات پاکستان میں ایک سنگین سماجی مسئلہ ہیں، جہاں محض الزامات اور خاندانی تنازعات کی بنیاد پر انسانی جان لے لی جاتی ہے ایسے واقعات نہ صرف قانون کی حکمرانی بلکہ معاشرے میں انسانی جان کے احترام اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بھی اہم سوالات اٹھاتے ہیں

قومی خبریں سے مزید