نیتن یاہو کی ابوظہبی میں اماراتی صدر سے ملاقات، ایران سمیت علاقائی صورتحال پر بات چیت
اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے اتوار کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور ابوظہبی میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے نے پیر کو پہلی مرتبہ اس دورے کی تصدیق کی
اماراتی صدر اور نیتن یاہو کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور خطے کو درپیش مختلف چیلنجز پر بات چیت ہوئی اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق ملاقات کا مقصد دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا تھا
اسرائیلی حکام کے مطابق ملاقات تقریباً 6 گھنٹے جاری رہی اور اس میں ایران پر خصوصی توجہ دی گئی نیتن یاہو کا دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے کی سلامتی اور سفارتی تعلقات اہم مرحلے میں ہیں
یہ ملاقات اس لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کہ رواں سال کے آغاز میں امارات نے ان اطلاعات کی تردید کی تھی کہ شیخ محمد نے نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے مارچ میں بھی دونوں رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم اس وقت اماراتی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی تھی
حالیہ ملاقات سے قبل اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ شیخ محمد نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ پہلے نیتن یاہو کو ایک بڑے ممکنہ حملے سے خبردار کیا تھا۔ نیتن یاہو نے اس دعوے کی تردید کی ہے امارات نے بھی اس معاملے پر براہ راست کوئی تصدیق نہیں کی
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے 2020 میں امریکا کی ثالثی میں ابراہیم معاہدوں کے تحت سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی روابط میں اضافہ ہوا ہے






