نیتن یاہو کی اچانک ابوظہبی آمد، اماراتی صدر سے ملاقات، 7 اکتوبر سے پہلے حماس کی مبینہ وارننگ کا معاملہ بھی زیر بحث
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی،ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے رائٹرز کو اس ملاقات کی تصدیق کی ہے
نیتن یاہو کے دفتر اور متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے فوری طور پر اس دورے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا
یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب اسرائیلی اخبار ہاآرتس نے رواں ماہ رپورٹ کیا تھا کہ شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل نیتن یاہو کو مبینہ طور پر خبردار کیا تھا کہ حماس اسرائیل کے خلاف ایک بڑے آپریشن کی تیاری کر رہی ہے،اخبار کے مطابق یہ مبینہ وارننگ اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں یا فوج تک نہیں پہنچائی گئی
نیتن یاہو اس رپورٹ کی تردید کر چکے ہیں اور ہاآرتس کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دے چکے ہیں،ادھر اسرائیلی وزیر اعظم کو آئندہ انتخابات میں سخت سیاسی مقابلے کا سامنا ہے اور اپوزیشن رہنما 7 اکتوبر کے حملے سے قبل سامنے آنے والی سکیورٹی ناکامیوں کی سیاسی ذمہ داری بھی نیتن یاہو پر عائد کرتے رہے ہیں





