Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

چین نے امریکا کو 2 پانڈے بھیج دیے، اٹلانٹا چڑیا گھر میں 10 سال رہیں گے

چین نے امریکا کو 2 پانڈے بھیج دیے، اٹلانٹا چڑیا گھر میں 10 سال رہیں گے

چین نے 2 بڑے پانڈے، پِنگ پِنگ اور فو شوانگ، امریکا روانہ کر دیے ہیں دونوں پانڈے اتوار کو چین کے شہر چینگدو سے خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ ہوئے اور تقریباً 15 گھنٹے کے سفر کے بعد ریاست جارجیا کے اٹلانٹا چڑیا گھر پہنچیں گے
دونوں پانڈوں کی منتقلی کا معاہدہ پہلے ہی طے ہو چکا تھا، تاہم ان کی روانگی کا اعلان چینی صدر شی جن پنگ کے واشنگٹن دورے کے دوران کیا گیا چین پانڈوں کو کئی دہائیوں سے بیرون ملک تعلقات بہتر بنانے کے لیے سفارتی علامت کے طور پر استعمال کرتا ہے، جسے عام طور پر پانڈا سفارت کاری کہا جاتا ہے
پِنگ پِنگ نر اور فو شوانگ مادہ پانڈا ہے۔ دونوں 2020 میں پیدا ہوئے اور اب تقریباً 6 سال کے ہیں سفر کے دوران ان کے لیے بھاپ میں تیار کیے گئے مکئی کے بن، بانس کی کونپلیں اور گاجریں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ امریکی ماہرین بھی سفر میں ان کے ساتھ موجود ہیں
اٹلانٹا چڑیا گھر نے پانڈوں کی آمد سے قبل ان کے لیے رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کی ہے اور مقامی سطح پر بانس کی مستقل فراہمی کا انتظام بھی کیا ہے دونوں پانڈے آئندہ 10 سال تک اٹلانٹا چڑیا گھر میں رہیں گے
پانڈوں کی روانگی ایسے وقت ہوئی ہے جب شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان واشنگٹن میں سربراہی ملاقات ہوئی دونوں ممالک نے تجارت سمیت مختلف معاملات پر کئی سمجھوتوں اور تعاون کے نکات پر اتفاق کیا، جبکہ پانڈوں کی امریکا آمد کو بھی دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک علامتی قدم کے طور پر پیش کیا گیا ہے
چین نے 1972 میں امریکی صدر رچرڈ نکسن کے دورہ چین کے بعد پہلی مرتبہ امریکا کو پانڈوں کا جوڑا دیا تھا اس کے بعد پانڈے چین اور امریکا کے سفارتی تعلقات کی ایک نمایاں علامت بن گئے

قومی خبریں سے مزید