Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکی فضائی اڈے کے قریب برطانیہ میں بڑا سکیورٹی واقعہ، دھماکا خیز مواد کے شبہے میں متعدد افراد گرفتار، علاقے کے مکینوں کا انخلا

امریکی فضائی اڈے کے قریب برطانیہ میں بڑا سکیورٹی واقعہ، دھماکا خیز مواد کے شبہے میں متعدد افراد گرفتار، علاقے کے مکینوں کا انخلا

لندن: برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے زیر استعمال ایک اہم فوجی اڈے کے قریب پولیس نے دھماکا خیز مواد سے متعلق جرائم کے شبہے میں متعدد افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ فوجی بم ڈسپوزل ماہرین نے کئی گاڑیوں کی تلاشی اور جانچ شروع کردی

یہ واقعہ جنوب مغربی انگلینڈ میں واقع آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب پیش آیا، جہاں سکیورٹی پہلے ہی بڑھا دی گئی تھی،پولیس نے واقعے کو “بڑا واقعہ” قرار دیتے ہوئے قریبی رہائشیوں کو احتیاطی طور پر ان کے گھروں سے باہر نکال دیا
برطانوی پولیس کے مطابق متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد بم ڈسپوزل ماہرین نے مشتبہ گاڑیوں کا جائزہ لیا،پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے اور فی الحال عوام کے لیے مزید خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی
آر اے ایف فیئر فورڈ امریکی فضائی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے والا اہم اڈہ ہے،برطانوی حکومت نے امریکا کو اس اڈے کے استعمال کی اجازت دے رکھی ہے اور حالیہ عرصے میں یہاں سے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے والے ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں ایران کے میزائل تنصیبات کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکی طیاروں کی سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں
ایرانی پاسداران انقلاب نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ ایران کے خلاف کارروائیوں میں استعمال ہونے والا کوئی بھی فوجی اڈہ جائز ہدف تصور کیا جائے گا،اسی پس منظر میں فیئر فورڈ جیسے امریکی استعمال والے برطانوی اڈوں پر سکیورٹی پہلے ہی حساس معاملہ بنی ہوئی ہے
برطانوی حکام نے گرفتار افراد کی شناخت، ان کی قومیت یا مبینہ دھماکا خیز مواد کی نوعیت کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات جاری نہیں کیں،پولیس تحقیقات مکمل ہونے تک واقعے کے ممکنہ محرک یا کسی بیرونی تنظیم سے تعلق کے بارے میں بھی کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا

قومی خبریں سے مزید