ایران جنگ کے دوران یو ایس ایس ابراہم لنکن پر 8 فوجیوں کی خودکشی کی کوششیں، بحریہ کے قائم مقام سیکریٹری کا انکشاف
واشنگٹن: امریکی بحریہ کے قائم مقام سیکریٹری ہنگ کاؤ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جنگی کارروائیوں میں معاونت کرنے والے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کے کیریئر اسٹرائیک گروپ کی طویل تعیناتی کے دوران 8 فوجیوں نے خودکشی کی کوشش کی،تاہم اس دوران کسی فوجی کی خودکشی سے موت نہیں ہوئی
سینیٹر کرسٹن گلی برینڈ کے سوالات کے جواب میں ہنگ کاؤ کے خط کے مطابق خودکشی کی کوششوں کا یہ عدد صرف طیارہ بردار جہاز کے عملے تک محدود نہیں بلکہ اس کے کیریئر ایئر ونگ، اسٹرائیک گروپ اور ڈسٹرائر اسکواڈرن کے عملے، حفاظتی جنگی جہازوں اور تمام تعینات ایوی ایشن اسکواڈرنز کے اہلکار بھی اس میں شامل ہیں،پورے اسٹرائیک گروپ میں تقریباً 7,500 فوجی شامل تھے
یو ایس ایس ابراہم لنکن نومبر 2025 میں سان ڈیاگو سے روانہ ہوا تھا اور اس کی تعیناتی تقریباً 300 دن تک جاری رہی،امریکی بحریہ کے مطابق جہاز نے 250 سے زیادہ دن مسلسل سمندر میں گزارے، جبکہ یو ایس نیول انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 19 ستمبر تک اس کی تعیناتی 302 دن تک پہنچ چکی تھی،اس دوران اسٹرائیک گروپ نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں میں تقریباً 7 ماہ تک مشرق وسطیٰ میں خدمات انجام دیں
طویل تعیناتی کے دوران جہاز پر خوراک اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی، مرمت اور اہلکاروں کی ذہنی صحت کے حوالے سے بھی خدشات سامنے آتے رہے،امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عملے کے اہل خانہ نے خوراک کی قلت، پلمبنگ کے مسائل اور طویل عرصے تک بندرگاہ پر نہ رکنے کے باعث فوجیوں کی ذہنی حالت پر تشویش ظاہر کی تھی
ہنگ کاؤ نے اپنے خط میں بتایا کہ مارچ میں ایک فوجی نے جہاز سے سمندر میں کودنے کی کوشش کی جسے ساتھی اہلکاروں نے روک لیا،اسے فوری طبی امداد دی گئی اور بعد میں ہوم پورٹ واپس بھیج دیا گیا،اگست میں ایک اور فوجی سمندر میں جا گرا، جسے فوری طور پر بچا لیا گیا اور طبی علاج کے بعد مزید نگہداشت کے لیے جہاز سے منتقل کردیا گیا
بحریہ کا مؤقف ہے کہ جہاز پر ذہنی صحت کی سہولتیں بھی موجود تھیں، جن میں 5 چیپلین، ایک ماہر نفسیات، ایک کلینیکل سوشل ورکر، ایک انٹیگریٹڈ پریوینشن کونسلر، 3 رویوں سے متعلق صحت کے ٹیکنیشنز اور ایک تربیت یافتہ سہولتی کتا شامل تھا،بحریہ نے یہ بھی کہا ہے کہ خودکشی کی کوششوں کی تعداد میں معمول کی تعیناتیوں کے مقابلے میں اضافہ ثابت نہیں ہوا
یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یو ایس ایس ابراہم لنکن کی تقریباً 300 روزہ تعیناتی امریکی بحریہ کی حالیہ تاریخ کی طویل ترین تعیناتیوں میں شامل ہوچکی ہے،ستمبر میں جہاز تھائی لینڈ اور پھر گوام پہنچا اور اب سان ڈیاگو کی جانب واپسی کے سفر پر ہے





