مہنگی ہوتی تفریح نے امریکیوں کو گھروں تک محدود کردیا، ریسٹورنٹس، کنسرٹس اور کھیلوں کے ٹکٹ عام خاندان کی پہنچ سے دور
واشنگٹن : امریکہ میں باہر نکل کر کھانا، کنسرٹ دیکھنا، کھیلوں کے مقابلے میں جانا یا محض دوستوں کے ساتھ تفریح کرنا تیزی سے مہنگا ہوتا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں امریکیوں کی سماجی زندگی میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے،واشنگٹن پوسٹ کے مطابق تفریح اور باہر جانے سے متعلق کئی اخراجات مجموعی مہنگائی کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے بڑھے ہیں اور اب زیادہ لوگ گھر پر رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں
2000 سے 2026 کے دوران امریکہ میں مجموعی قیمتوں کی سطح 87 فیصد بڑھی، لیکن کنسرٹ ٹکٹوں کی قیمتیں اس سے کہیں زیادہ بڑھ کر دگنی سے بھی اوپر چلی گئیں، جبکہ کھیلوں کے ٹکٹوں کی قیمت میں 123 فیصد اضافہ ہوا،دوسری جانب گھر پر تفریح سے متعلق اشیا کی قیمتیں نسبتاً کم بڑھیں؛ ٹیلی ویژن، کھیلوں اور شوق کی سرگرمیوں سے متعلق اخراجات میں اضافہ مجموعی مہنگائی سے خاصا کم رہا
باہر کھانے کا رجحان بھی مہنگائی سے متاثر ہوا ہے،2026 میں ریسٹورنٹس اور دیگر مقامات پر کھانے کی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.4 فیصد بڑھی ہیں، جبکہ گھریلو خوراک کی قیمت میں اضافہ 2.2 فیصد رہا،باہر جانے کے لیے گاڑی استعمال کرنے والوں پر پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کا اضافی بوجھ بھی پڑ رہا ہے
اس تبدیلی کے اثرات امریکیوں کے روزمرہ معمولات میں بھی نظر آ رہے ہیں،2019 سے 2025 کے درمیان آرٹس اور تفریحی تقریبات میں وقت گزارنے والے افراد کے تناسب میں 20 فیصد سے زیادہ کمی آئی، جبکہ ریسٹورنٹس اور بارز میں کھانے پینے کے رجحان میں بھی کمی دیکھی گئی،امریکیوں کے کھانے کا حصہ جو 2014 میں 9 فیصد سے زیادہ ریسٹورنٹس اور بارز میں ہوتا تھا، ایک دہائی بعد 7 فیصد سے بھی کم رہ گیا
UCLA کے محققین کے مطابق امریکی پہلے ہی گھر سے باہر سرگرمیوں میں کم وقت گزار رہے ہیں، 2003 کے مقابلے میں 2019 میں امریکی روزانہ اوسطاً 2منٹ کم گھر سے باہر گزارتے تھے، جبکہ 2023 تک یہ فرق 53 منٹ تک پہنچ گیا،محققین نے اسے امریکیوں کے گھر میں زیادہ وقت گزارنے کا تیزی سے بڑھتا ہوا رجحان قرار دیا
نوجوان نسل، خصوصاً Gen Z، اس تبدیلی سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے،PNC بینک کے ماہر اقتصادیات برائن لی بلانک کے مطابق بینک کے صارفین کنسرٹس اور کھیلوں کے ٹکٹوں پر قدرے کم جبکہ کرافٹ اسٹورز اور اسٹریمنگ سروسز پر زیادہ خرچ کر رہے ہیں،ان کے مطابق نوجوان عام طور پر اپنی آمدنی کا بڑا حصہ باہر جانے پر خرچ کرتے ہیں لیکن موجودہ قیمتوں میں ان کے لیے یہ اخراجات برداشت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ مہنگائی کے باوجود تفریحی صنعت مکمل طور پر متاثر نہیں ہوئی،واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کنسرٹس اور کھیلوں کی مہنگی نشستیں اب بھی ایسے نسبتاً خوشحال صارفین کو فروخت ہو رہی ہیں جو زیادہ قیمت ادا کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں،نتیجتاً سستے اور درمیانی قیمت والے ٹکٹوں کے مقابلے میں مہنگی نشستوں کی تعداد اور قیمت بڑھانے کا رجحان سامنے آیا ہے
یوں امریکہ میں ’’باہر جانا‘‘ محض تفریح کا معاملہ نہیں رہا بلکہ آمدنی، مہنگائی اور طرز زندگی کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کی علامت بنتا جا رہا ہے،بہت سے امریکی اب کنسرٹ، ریسٹورنٹ یا کھیل کے مقابلے میں جانے کے بجائے گھر پر اسٹریمنگ، موبائل، ہobbies اور دوستوں کے ساتھ گھریلو محفل کو نسبتاً کم خرچ متبادل کے طور پر اختیار کر رہے ہیں





