سانحہ نائن الیون کی کوریج پر بین شاپیرو اور نیویارک ٹائمز آمنے سامنے، اسلاموفوبیا کے تذکرے پر تنازع
نیویارک: سانحہ 11 ستمبر کے دہشت گرد حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر معروف دائیں بازو کے مبصر بین شاپیرو اور نیویارک ٹائمز کے درمیان اخبار کی کوریج پر کھلا تنازعہ سامنے آیا ہے
شاپیرو نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نیویارک ٹائمز کی ویب سائٹ کی نمایاں سرخیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اجنبی دنیا میں آ کر صرف اخبار کی اس دن کی نمایاں سرخیاں پڑھے تو اسے یہ تاثر ملے گا کہ 9/11 مسلمانوں پر حملہ تھا،شاپیرو کی پوسٹ کو 440,000 سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا
شاپیرو کی تنقید کا خاص مرکز نیویارک ٹائمز کی یہ سرخی تھی: ’’اسلاموفوبیا کا سامنا کرتے ہوئے ممدانی کی توجہ 9/11 کے متاثرین پر مرکوز‘‘،اخبار نے اسی روز ایک اور تفصیلی رپورٹ بھی شائع کی جس میں 9/11 کے بعد نیویارک کے مسلمان شہریوں پر پڑنے والے اثرات اور اسلاموفوبیا کے نتیجے میں مسلم کمیونٹی کی سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں اضافے کا جائزہ لیا گیا
نیویارک ٹائمز کے کمیونیکیشن اکاؤنٹ نے شاپیرو کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان اخبار کی 9/11 سے متعلق صحافت کو غلط انداز میں پیش کرتا ہے اور عوام میں غصہ پیدا کرنے کی کوشش ہے،اخبار نے کہا کہ اس کی 25ویں برسی کی کوریج میں حملوں کے انسانی نقصان، یادگاری تقریبات اور گزشتہ 25 برس کے سماجی اثرات سمیت مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے
یہ تنازعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب نیویارک کے پہلے مسلم میئر زوہرن ممدانی نے 9/11 کی یادگاری تقریبات میں شرکت کی اور متاثرین، ان کے خاندانوں اور پہلے امدادی کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کیا،نیویارک ٹائمز کے مطابق ممدانی نے حملوں کے متاثرین کی یاد میں کئی تقریبات میں شرکت کی اور فائر فائٹرز اور متاثرین کے خاندانوں سے ملاقاتیں بھی کیں





