شاہ چارلس کا واضح اعلان، ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے فعال رکن نہیں بنیں گے
برطانوی بادشاہ شاہ چارلس نے واضح کر دیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن برطانیہ واپس آنے کے باوجود شاہی خاندان کے فعال ارکان کی حیثیت سے اپنے فرائض دوبارہ شروع نہیں کریں گے اور نجی شہریوں کی حیثیت سے اپنی زندگی جاری رکھیں گے
شاہ چارلس کی ہدایت پر شاہی محل کے اعلیٰ ترین عہدیدار لارڈ چیمبرلین نے حکومت، فوج اور دیگر اہم سرکاری عہدیداروں کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں ہیری اور میگھن کی موجودہ حیثیت کے بارے میں کسی بھی ابہام کو ختم کر دیا گیا ہے خط میں کہا گیا ہے کہ دونوں 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد سے شاہی خاندان کے فعال ارکان نہیں رہے اور ان کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی
شاہی محل کی جانب سے جاری وضاحت کے مطابق ہیری اور میگھن اپنی تجارتی سرگرمیاں اور فلاحی کام ذاتی حیثیت میں جاری رکھ سکتے ہیں، تاہم ان سرگرمیوں کو شاہی خاندان کی سرکاری ذمہ داری نہیں سمجھا جائے گا دونوں مالی طور پر بھی اپنی زندگی خود چلانے اور نجی معاملات میں آزادی برقرار رکھنے کی پالیسی پر قائم رہیں گے
خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے فعال ارکان کی طرح سرکاری تقریبات یا ریاستی ذمہ داریاں انجام نہیں دیں گے اور شاہی خطابات کے استعمال سے بھی گریز جاری رکھیں گے
ہیری اور میگھن نے 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری اختیار کی تھی اور بعد میں امریکا منتقل ہوگئے تھے حالیہ عرصے میں دونوں اپنے بچوں سمیت دوبارہ برطانیہ پہنچے ہیں، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ شاید ہیری دوبارہ شاہی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں شاہ چارلس کی تازہ وضاحت نے ان قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے
ہیری اور میگھن کی سکیورٹی کا معاملہ بھی حساس موضوع بنا ہوا ہے شاہی محل نے واضح کیا ہے کہ ان کی سرکاری سکیورٹی سے متعلق فیصلے متعلقہ حکومتی ادارے کریں گے اور یہ معاملہ براہ راست شاہی ذمہ داریوں کی بحالی سے منسلک نہیں ہوگا
شاہ چارلس کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ہیری کی برطانیہ میں موجودگی کے باعث شاہی خاندان میں ان کے مستقبل کے کردار کے بارے میں دوبارہ بحث شروع ہوگئی تھی بادشاہ نے اب واضح کر دیا ہے کہ ہیری اور میگھن اپنی ذاتی اور فلاحی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں، لیکن شاہی خاندان کی سرکاری ذمہ داریاں انجام دینے والے ارکان میں ان کی واپسی نہیں ہو رہی





