امریکہ کا مستقبل؟ ڈیٹا سینٹرز کی دوڑ نے ورجینیا کی ایک پوری کاؤنٹی کا نقشہ بدل دیا
ورجینیا کی لاؤڈون کاؤنٹی کبھی رہائشی جائیداد پر انحصار کرنے والا ایک پرسکون علاقہ تھی، مگر آج یہ دنیا کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر مراکز میں تبدیل ہو چکی ہے،دی ورج کی رپورٹ کے مطابق کاؤنٹی میں 250 سے زیادہ ڈیٹا سینٹرز قائم ہو چکے ہیں اور اسے اب ’’ڈیٹا سینٹر ایلی‘‘ کہا جاتا ہے
اس تبدیلی کی بنیاد 2007 کے معاشی بحران کے بعد رکھی گئی، جب کاؤنٹی کی 80 فیصد سے زیادہ آمدنی رہائشی جائیداد سے آتی تھی،مقامی معاشی حکام نے پہلے سے موجود فائبر نیٹ ورک، واشنگٹن کے قریب محل وقوع، زمین اور بجلی کی سہولت کو استعمال کرتے ہوئے ڈیٹا سینٹرز کو سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا،آج کاؤنٹی کی نصف سے زیادہ ٹیکس آمدنی تجارتی ذرائع سے آتی ہے، جبکہ اس آمدنی سے 22 نئے اسکول اور بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبے بھی بنائے گئے اور جائیداد ٹیکس میں کمی آئی
لیکن مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے باعث ڈیٹا سینٹرز کی نئی دوڑ نے اس کامیابی کی قیمت بھی سامنے لا دی ہے،رہائشی مسلسل شور، بجلی کی بلند طلب، نئی ٹرانسمیشن لائنوں، ماحولیاتی اثرات اور بڑھتی ہوئی جائیداد کی قیمتوں سے پریشان ہیں،بعض علاقوں میں لوگوں کے گھروں کے قریب بجلی کے بڑے ڈھانچے نصب ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے
لاؤڈون کاؤنٹی اب امریکہ کے ان علاقوں کے لیے ایک عملی مثال بن چکی ہے جہاں مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی ضرورت پوری کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ڈیٹا سینٹرز تعمیر کیے جا رہے ہیں،سوال یہ ہے کہ کیا اقتصادی ترقی کے لیے اختیار کیا گیا یہ ماڈل آنے والے برسوں میں امریکہ کے دوسرے علاقوں کا مستقبل بھی بنے گا، یا پھر لاؤڈون کا تجربہ یہ دکھائے گا کہ اس ترقی کی ایک حد بھی ہوتی ہے،ڈیٹا سینٹرز کی آمد سے پہلے لاؤڈون کاؤنٹی کی 80 فیصد سے زیادہ ٹیکس آمدنی رہائشی جائیداد سے حاصل ہوتی تھی، جبکہ 2007 میں تجارتی ذرائع کا حصہ تقریباً 19 فیصد تھا،آج صورت حال مکمل طور پر بدل چکی ہے اور کاؤنٹی کی نصف سے زیادہ ٹیکس آمدنی تجارتی ذرائع سے آتی ہے،صرف ڈیٹا سینٹرز سے حاصل ہونے والی ٹیکس آمدنی 2024 میں کاؤنٹی کے پورے انتظامی بجٹ سے 35 ملین ڈالر زیادہ تھی، جبکہ 2008 کے بعد رہائشیوں کی جائیداد پر ٹیکس کی شرح تقریباً 1.29 ڈالر سے کم ہو کر 80 سینٹ فی 100 ڈالر رہ گئی ہے، سن دوہزار میں لاؤڈون کاؤنٹی کی درمیانی گھریلو آمدنی تقریباً $80,000 کے آس پاس تھی
2005: یہ بڑھ کر $98,483 ہو گئی تھی، اور اس وقت بھی لاؤڈون امریکہ کی سب سے زیادہ آمدنی رکھنے والی کاؤنٹیوں میں شامل تھی
2012: یہ تقریباً $115,574 تک پہنچ چکی تھی
2024: تازہ ترین مردم شماری کے مطابق اب اس کاونٹی میں اوسط آمدنی $177,567 ہے۔





