اے آئی سے امریکہ کو عالمی برتری ملے گی، مگر میرے علاقے کا بجلی کا بل کون ادا کرے گا؟
اگر ڈیٹا سینٹرز کے لیے نئے پاور پلانٹ اور ٹرانسمیشن لائنیں بنیں گی تو کیا ان کا خرچ عام صارف کے بجلی کے بل میں شامل ہوگا؟ اگر پانی کی بڑی مقدار استعمال ہوگی تو مقامی آبادی کے حصے میں کیا بچے گا؟ اگر ہزاروں ایکڑ زمین استعمال ہوگی تو مقامی کسان اور رہائشی کہاں جائیں گے؟ اور اگر کسی بڑے ڈیٹا سینٹر میں توقع کے مقابلے میں بہت کم مستقل ملازمتیں پیدا ہوئیں تو مقامی حکومت کو اس کے بدلے کیا ملے گا؟
یہ سوال اب صرف بائیں بازو کے ماحول پسند گروہوں کے نہیں رہے
اے پی کے مطابق نیبراسکا کے ایک چھوٹے سے گاؤں مرڈوک میں دو ممکنہ ڈیٹا سینٹرز کے منصوبوں نے بھی مقامی سطح پر شدید بحث پیدا کردی ہے، جہاں سیاسی تقسیم سے بالاتر ہو کر لوگ اس بات پر سوال اٹھا رہے ہیں کہ ان منصوبوں کے فائدے اور اخراجات مقامی آبادی کے لیے کیا ہوں گے
اور یہی اس پوری کہانی کا سب سے بڑا سیاسی پہلو ہے
مصنوعی ذہانت نے امریکہ میں ایک ایسا مسئلہ پیدا کردیا ہے جس پر روایتی دائیں اور بائیں کی تقسیم کمزور پڑتی دکھائی دے رہی ہے
ریپبلکن ووٹر کہتا ہے کہ حکومت اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں میرے ٹیکس اور بجلی کے بل پر یہ منصوبے نہ چلائیں
ڈیموکریٹ ووٹر کہتا ہے کہ مقامی آبادی کو اپنی زمین، پانی اور ماحول کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہیے
دونوں کا راستہ الگ ہے، مگر اس وقت اعتراض ایک ہی جگہ پہنچ رہا ہے
یہی وجہ ہے کہ ریاستی اور مقامی حکومتیں اب صرف ڈیٹا سینٹرز کی منظوری دینے کے بجائے یہ سوال اٹھا رہی ہیں کہ اے آئی کی معاشی قیمت کس کے ذمے ڈالی جارہی ہے
مائن نے رواں سال بڑے ڈیٹا سینٹرز پر ملک کی پہلی ریاستی سطح کی پابندی کی کوشش کی، اگرچہ بعد میں سیاسی اور قانونی رکاوٹیں سامنے آئیں،متعدد دوسری ریاستیں بھی ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر، بجلی کے استعمال اور مقامی اخراجات کو محدود کرنے یا منظم کرنے کے طریقے تلاش کررہی ہیں
اس کا مطلب یہ نہیں کہ امریکہ اے آئی کی دوڑ روکنے جارہا ہے
اس کے برعکس، امریکہ اور اس کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اے آئی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری تیز کررہی ہیں،مگر اب ایک نیا سوال اس دوڑ کے سامنے کھڑا ہوگیا ہے
کیا امریکہ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ جیت سکتا ہے، اگر اس دوڑ کی بجلی، پانی اور انفراسٹرکچر کی قیمت مقامی ووٹر ادا کرنے سے انکار کردے؟
یہ سوال آنے والے برسوں میں محض ٹیکنالوجی کا نہیں رہے گا،یہ امریکی سیاست، بجلی کے نرخ، مقامی حکومتوں کے اختیارات، ماحولیاتی پالیسی اور حتیٰ کہ 2026 کے انتخابات میں امیدواروں کے لیے بھی ایک اہم مسئلہ بنتا جارہا ہے
اور شاید اس پوری کہانی کا سب سے چونکا دینے والا پہلو یہی ہے کہ مصنوعی ذہانت کے خلاف سب سے طاقتور سیاسی مزاحمت واشنگٹن میں نہیں بلکہ ان چھوٹے امریکی قصبوں میں پیدا ہورہی ہے جہاں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ پہلی مرتبہ ایک ہی سوال پوچھ رہے ہیں،اے آئی کا فائدہ اگر بڑی کمپنیوں کو ہوگا تو اس کی قیمت ہماری بجلی کیوں ادا کرے؟





