خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی الگ الگ کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیاں بنوں، جنوبی وزیرستان اور بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں کی گئیں
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوئے کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ دہشت گردوں کی ایک پناہ گاہ کو بھی دھماکا خیز مواد کے ذریعے تباہ کر دیا گیا
جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت بروقت معلوم کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیا اور کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس کے دوران چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی میں بغیر پائلٹ طیاروں کی مدد سے دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران مقامی آبادی کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے اور شہریوں کو کسی نقصان سے محفوظ رکھا گیا
صدر آصف علی زرداری نے بنوں میں ہونے والی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی مدد سے سرگرم دہشت گرد عناصر کا خاتمہ قومی سلامتی اور دیرپا امن کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیابیوں کو سراہا
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کارروائیوں میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بروقت کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے گئے انہوں نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا
یہ کارروائیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اس سے قبل 21 اگست کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں متعدد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں کے دوران 49 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا اعلان کیا تھا، جن میں 12 خیبر پختونخوا اور 37 بلوچستان میں ہلاک ہوئے تھے
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام تک خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی





