نیپال تبت سرحد پر سیلاب کی تباہ کاری، پانی کی دیوار نے عمارتیں اور پل بہا دیے
کھٹمنڈو: نیپال کے ہمالیائی علاقوں میں شدید اچانک سیلاب نے بدھ کے روز بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں مٹی اور ملبے سے بھرا تیز رفتار پانی گاڑیوں، پلوں اور عمارتوں کو بہا لے گیا،متاثرہ علاقوں سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے
چین کے نیم خودمختار علاقے تبت کو نیپال سے ملانے والی رسوواگڑھی سرحدی گزرگاہ پر نگرانی کے کیمروں سے بننے والی ویڈیوز میں سیلاب کی شدت واضح طور پر دیکھی گئی ، ویڈیوز میں لوگوں کو اچانک آنے والے مٹی اور پانی کے ریلے سے بچنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا، جبکہ قریب کھڑی بسیں اور ٹرک تیز دھارے میں کھلونوں کی طرح بہہ گئے
نیپال کے سب سے زیادہ متاثرہ رسووا علاقے میں شدید سیلابی ریلوں نے کئی پلوں کو نقصان پہنچایا اور بعض پل پانی کے دباؤ سے ٹوٹ کر بہہ گئے،مٹی، پتھروں اور دیگر ملبے سے بھرا پانی ہرے بھرے پہاڑی علاقوں میں داخل ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے معمول کے مناظر کو تباہی میں بدل دیا
بِدور کے علاقے میں ایک بس پر سوار مسافر کی بنائی گئی ویڈیو میں بھی سیلابی ریلے کے اچانک نمودار ہونے کے بعد افراتفری دیکھی گئی،لوگ چیخ و پکار کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ سیلابی پانی تیزی سے آبادی اور سڑکوں کی جانب بڑھتا ہے
رسووا اور دیگر متاثرہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب نے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جبکہ متعدد مقامات پر پلوں اور سڑکوں کے متاثر ہونے سے آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے





