کلکتہ کے ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی، 9 بنگلہ دیشی شہری ہلاک، 6 زخمی
بھارت کے شہر کلکتہ میں علی الصبح ایک ہوٹل میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں 9 بنگلہ دیشی شہری ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہوگئے،ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد علاج کی غرض سے کلکتہ آئے تھے
بھارتی حکام کے مطابق آگ صبح سویرے ہوٹل میں اچانک بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے متعدد حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،دھویں اور شدید شعلوں کے باعث ہوٹل میں موجود افراد کو باہر نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی اور آگ پر قابو پایا،زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے
حکام کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں، جو طبی علاج کے لیے بھارت آئے ہوئے تھے،واقعے کے بعد بنگلہ دیشی سفارتی حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی شناخت اور دیگر ضروری کارروائی مکمل کی جا سکے
آتشزدگی کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی،متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا ہوٹل میں آگ سے بچاؤ کے مطلوبہ انتظامات موجود تھے یا نہیں





