مانسہرہ میں بیوی کو پتھر مار کر قتل کرنے والا شوہر گرفتار، واقعے کو حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش
مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ کے علاقے گھنول میں پولیس نے ایک شخص کو اپنی بیوی کو مبینہ طور پر پتھر مار کر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کو پہاڑ سے گرنے کا حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 12 اگست کو منور وادی کے ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جہاں ملزم مبینہ طور پر اپنی بیوی کو سیر کے بہانے لے گیا۔ وہاں اس نے خاتون کو پتھر مارے جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر دم توڑ گئی
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت کے بعد ملزم نے لاش کو ایک گہری کھائی میں پھینک دیا تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ وہ پہاڑ سے گرنے کے باعث ہلاک ہوئی ہے تاہم جائے وقوعہ کے حالات نے پولیس کو معاملے پر شک کرنے پر مجبور کیا اور تحقیقات کے بعد قتل کا شبہ مضبوط ہوگیا
پولیس کے مطابق ملزم نے مقتولہ سے تقریباً 10 ماہ قبل شادی کی تھی۔ مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کی بہن نے خاندان کی مخالفت کے باوجود اپنی مرضی سے ملزم سے شادی کی تھی
مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے حال ہی میں اپنی سابق منگیتر سے دوسری شادی بھی کر لی تھی اور مبینہ طور پر پہلی بیوی سے جان چھڑانے کے لیے اسے قتل کیا
پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کے بعد تدفین کی رسومات بھی فوری طور پر ادا کرنے کی کوشش کی تاکہ واقعے کو چھپایا جا سکے، تاہم تفتیش کاروں نے شواہد کی بنیاد پر اسے تلاش کرکے گرفتار کر لیا
گرفتار ملزم کو بالاکوٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش مبینہ طور پر جرم کا اعتراف بھی کیا ہے
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ قتل کے محرکات اور دیگر متعلقہ معاملات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے





