ارب پتی بھی بے بس، میامی کے انتہائی خصوصی کلب میں جیف بیزوس اور جیرڈ کشنر کو رکنیت نہ مل سکی
میامی: دنیا کے امیر ترین اور بااثر افراد میں شمار ہونے والے جیف بیزوس اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی میامی کے ایک ایسے انتہائی خصوصی نجی کلب کی رکنیت حاصل نہیں کر سکے جہاں داخلہ دولت سے زیادہ سماجی حیثیت اور کلب کی منظوری سے مشروط ہے
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق تقریباً ایک صدی پرانا انڈین کریک کنٹری کلب میامی کے قریب انڈین کریک نامی نجی جزیرے پر واقع ہے، جسے وہاں آباد انتہائی دولت مند افراد کی بڑی تعداد کے باعث ’’ارب پتیوں کا بنکر‘‘ بھی کہا جاتا ہے
کلب میں نجی گالف کورس، بحیرہ روم کے طرز پر تعمیر کیا گیا کلب ہاؤس اور خلیج کے سامنے واقع سوئمنگ پول سمیت کئی خصوصی سہولیات موجود ہیں،اس کی رکنیت انتہائی محدود سمجھی جاتی ہے اور کلب میں شمولیت کا فیصلہ محض مالی حیثیت کی بنیاد پر نہیں ہوتا
رپورٹ کے مطابق ایمیزون کے بانی جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ لورین سانچیز بیزوس کو رواں سال فروری میں کلب کی سالانہ کشتی گھاٹ پارٹی میں خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا تھا،اس موقع پر کلب کے ارکان نے معروف کاروباری شخصیت سے ملاقات کی
تاہم خصوصی دعوت کے باوجود بیزوس کو تاحال کلب کی باقاعدہ رکنیت حاصل نہیں ہوئی،جیرڈ کشنر، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور معروف کاروباری شخصیت ہیں، بھی کلب کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے
انڈین کریک کنٹری کلب کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی رکنیت ان لوگوں کے لیے بھی آسان نہیں جو دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہوتے ہیں،یوں میامی کے اس خصوصی کلب نے ایک ایسا حلقہ قائم کر رکھا ہے جہاں اربوں ڈالر کی دولت بھی لازماً داخلے کی ضمانت نہیں دیتی





