لاہور میں ہدف بنا کر حملے، پنجاب کے 3 پولیس اہلکار ہلاک، 2 زخمی
لاہور میں جمعرات کی رات پولیس اہلکاروں کو ہدف بنا کر کیے گئے دو الگ الگ حملوں میں 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ دیگر اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہوگئے
پہلا حملہ بادامی باغ کے علاقے میں ہوا جہاں مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر عدیل عاشق اور کانسٹیبل اسد شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے
پولیس کے مطابق حملے میں مبینہ طور پر ریحان بٹ اور اس کے ساتھی ملوث تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حملہ ریحان بٹ کے بھائی فیضان بٹ کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا، جو مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ تھا اور ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا
پولیس کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر عدیل نے 2024 میں بھی ریحان بٹ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیوں کی شکایت کی تھی، جس پر مقدمہ درج کیا گیا تھا
دوسرا حملہ یتیم خانہ چوک، ملتان روڈ پر ہوا جہاں ایک کالعدم تنظیم کے ہیڈکوارٹر کے قریب تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ میں تین کانسٹیبلز سمیت ایک راہگیر زخمی ہوا۔ زخمی کانسٹیبل حارث بعد ازاں دم توڑ گیا
واقعے کے بعد لاہور پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کے درمیان ممکنہ تعلق سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں





