افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، محسن نقوی کی ناروے کے وزیر خارجہ سے ملاقات

افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، محسن نقوی کی ناروے کے وزیر خارجہ سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سے ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کیا
ملاقات میں پاکستان اور ناروے نے دہشت گردی کے خلاف تعاون، غیر قانونی ہجرت کی روک تھام، پولیس تربیت اور باہمی قانونی معاونت بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا
محسن نقوی نے ناروے کے وزیر خارجہ کو افغانستان کی صورتحال اور وہاں سرگرم کالعدم تنظیموں کے بارے میں پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے
ملاقات میں یورپ کی جانب غیر قانونی ہجرت کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی ہجرت کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے اور مؤثر اقدامات کے نتیجے میں یورپ کی جانب پاکستانی شہریوں کی غیر قانونی ہجرت میں 47 فیصد کمی آئی ہے
ناروے کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی جبکہ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کو بھی سراہا
ناروے کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ دورہ ایک دہائی کے بعد کسی ناروے کے وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور سلامتی کے تعاون کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید