ایپل نے 110 ممالک میں سرکاری جاسوسی سافٹ ویئر کے ممکنہ نشانے پر موجود صارفین کو خبردار کردیا
ایپل نے 110 ممالک میں اپنے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ان کے آئی فون، آئی پیڈ یا میک کو حکومتوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے خطرناک جاسوسی سافٹ ویئر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہو سکتا ہے
کمپنی کے مطابق اس نے جمعرات کو ایسے صارفین کو نئی اطلاعات بھیجیں جن کے آلات کو انتہائی جدید اور پیچیدہ جاسوسی سافٹ ویئر سے نشانہ بنائے جانے کا شبہ ہے،یہ اطلاعات براہ راست صارفین کے آئی فون کی لاک اسکرین پر بھیجی جاتی ہیں تاکہ ممکنہ خطرے سے انہیں فوری طور پر آگاہ کیا جا سکے
ایپل نے ٹیک کرنچ کو بتایا کہ حالیہ مرحلے میں 110 ممالک کے صارفین کو یہ تنبیہ بھیجی گئی ہیں،کمپنی کے مطابق اب تک دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں صارفین کو اس نوعیت کی اطلاعات دی جا چکی ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومتوں کی جانب سے استعمال ہونے والا جدید جاسوسی سافٹ ویئر عالمی سطح پر کس قدر پھیل چکا ہے
ایپل کے مطابق ایسے حملوں کا ہدف عموماً مخصوص افراد ہوتے ہیں اور ان میں صحافی، سیاسی کارکن، سرکاری عہدیدار اور دیگر حساس شعبوں سے وابستہ افراد شامل ہو سکتے ہیں،کمپنی صارفین کو مشورہ دیتی ہے کہ اگر انہیں ایسا انتباہ موصول ہو تو اسے معمول کی حفاظتی اطلاع سمجھ کر نظر انداز نہ کریں بلکہ اپنے آلات اور اکاؤنٹس کی سکیورٹی فوری طور پر مضبوط کریں
ایپل کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے حملے انتہائی مہنگے، پیچیدہ اور محدود پیمانے پر کیے جاتے ہیں، تاہم کامیاب ہونے کی صورت میں حملہ آور کو صارف کے آلے تک انتہائی حساس رسائی حاصل ہوسکتی ہے





