سوراب میں امن و امان کی صورتحال کے باعث کرفیو نافذ
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع سوراب میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے 9 سے 15 اگست تک کرفیو نافذ کردیا ہے۔
انتظامیہ کے جاری کردہ حکم کے مطابق کرفیو روزانہ رات 8 بجے سے صبح 9 بجے تک نافذ رہے گا۔ اس دوران شہریوں کی نقل و حرکت محدود رہے گی اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی سے متعلق ہدایات پر عمل کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھی سکیورٹی خدشات کے باعث کاروباری مراکز کے اوقات کار محدود کردیے گئے ہیں۔ نئے احکامات کے تحت بازار، دکانیں، ہوٹل اور دیگر کاروباری مراکز رات 8 بجے سے صبح 10 بجے تک بند رہیں گے۔
تاہم عوام کی ضروری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فارمیسیوں، میڈیکل اسٹورز، نجی اسپتالوں اور دیگر طبی مراکز کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا ہے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد پابندیوں میں نرمی یا مزید توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا





