2020 کے ڈیٹا اسکینڈل سے متاثرہ کینیڈین معاوضے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں

2020 کے ڈیٹا اسکینڈل سے متاثرہ کینیڈین معاوضے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں

اوٹاوا: 2020 میں کینیڈا کی سرکاری آن لائن خدمات پر ہونے والے سائبر حملوں سے متاثرہ شہریوں کے لیے معاوضے کی درخواستوں کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ اہل افراد کو مجموعی طور پر 5 ہزار ڈالر تک معاوضہ مل سکتا ہے۔
اس سائبر حملے میں کینیڈا کی ریونیو ایجنسی کے آن لائن کھاتوں، مائی سروس کینیڈا اکاؤنٹس اور دیگر سرکاری آن لائن خدمات سے متعلق شہریوں کی ذاتی اور مالی معلومات تک غیر مجاز رسائی حاصل کی گئی تھی۔ بعض معاملات میں چوری شدہ معلومات استعمال کرکے متاثرہ افراد کے نام پر مالی امداد، بشمول کووڈ کے دوران دی جانے والی ہنگامی امداد، کے جعلی دعوے بھی کیے گئے۔
وفاقی عدالت کی منظوری کے بعد اس معاملے میں 87 لاکھ ڈالر کا اجتماعی تصفیہ طے پایا ہے۔ اہل متاثرین اب معاوضے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
جن افراد کی ذاتی معلومات تک غیر مجاز رسائی ہوئی، وہ اپنے وقت اور پریشانی کے عوض 80 ڈالر تک معاوضہ حاصل کرسکتے ہیں۔
اگر ذاتی معلومات کو دھوکے یا فراڈ کے لیے استعمال کیا گیا ہو تو 200 ڈالر تک اضافی معاوضہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ شناخت کی چوری، مالی نقصان، شناخت بحال کرنے کے اخراجات اور دیگر ثابت شدہ اخراجات کے لیے 5 ہزار ڈالر تک معاوضہ طلب کیا جاسکتا ہے۔ اس حصے کے لیے رسیدیں، بینک ریکارڈ یا دیگر ثبوت فراہم کرنا ضروری ہوسکتے ہیں۔
اہل افراد 3 فروری 2027 تک اپنی درخواست جمع کراسکتے ہیں۔ حکومت کینیڈا کے مطابق درخواست آن لائن جمع کرانے کی سہولت موجود ہے۔
اہلیت جانچنے اور درخواست دینے کے لیے سرکاری معلومات: حکومت کینیڈا کی معلومات⁠
اہم بات: 5 ہزار ڈالر ہر متاثرہ شخص کو خودکار طور پر نہیں ملیں گے۔ یہ رقم صرف ثابت شدہ اور اہل اخراجات یا مالی نقصان کی بنیاد پر دی جائے گی، جبکہ تمام منظور شدہ دعووں کی مجموعی رقم دستیاب فنڈ سے زیادہ ہونے کی صورت میں ادائیگی کم بھی ہوسکتی ہے

قومی خبریں سے مزید