’’ٹک ٹاک، ٹک ٹاک‘‘، بلاول کا ن لیگ کو انتباہ، ’’آپ کا وقت ختم ہونے والا ہے‘‘

’’ٹک ٹاک، ٹک ٹاک‘‘، بلاول کا ن لیگ کو انتباہ، ’’آپ کا وقت ختم ہونے والا ہے‘‘

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کی “الٹی گنتی” شروع ہو چکی ہے، جبکہ انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے پونچھ ڈویژن میں آئندہ مرحلے کے انتخابات سے قبل بڑا عوامی جلسہ کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ویڈیو پیغامات میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے حقِ حکمرانی، روزگار اور وسائل پر اختیار کے لیے شروع کی گئی تحریک صرف کشمیر یا گلگت بلتستان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اسے پورے پاکستان تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے ن لیگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “ذرا غور سے سنیں… ٹک ٹاک، ٹک ٹاک، آپ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔”
بلاول بھٹو نے 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ہونے والے انتخابات سے قبل باغ میں جلسہ عام کرنے کا بھی اعلان کیا اور کارکنوں سے انتخابی مہم تیز کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے مظفرآباد کے دو حلقوں میں ملتوی ہونے والی پولنگ کے لیے بھی پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کی درخواست کی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف نہیں تھے بلکہ ان میں دھاندلی، تشدد اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کے ایک کارکن کی جان گئی، ایک رکنِ قومی اسمبلی زخمی ہوئے اور قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر بھی حملہ کیا گیا۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ادھر آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ اگر امن و امان کی صورتحال سازگار رہی تو 10 اگست کو پونچھ ڈویژن کی تمام ممکنہ نشستوں پر پولنگ کرانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ ووٹرز کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید