نیو جرسی کے آئی سی ای حراستی مرکز میں زیرِ حراست ایک اور ایل شہری کی موت
نیوآرک: امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیوآرک میں واقع ڈیلنی ہال امیگریشن حراستی مرکز میں زیرِ حراست ایل سلواڈور کے 41 سالہ شہری کی موت کی امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) نے تصدیق کر دی ہے، جبکہ متوفی کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں مناسب طبی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں۔
آئی سی ای نے پیر کی شام موت کی تصدیق اس وقت کی جب اس سے چند گھنٹے قبل متوفی کے اہلِ خانہ اور امریکی کانگریس کے ایک رکن نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈیلنی ہال ایک نجی کمپنی کے زیرِ انتظام حراستی مرکز ہے، جو آئی سی ای کے ساتھ معاہدے کے تحت چلایا جا رہا ہے۔ یہ مرکز 2025 میں دوبارہ کھلنے کے بعد سے مسلسل تنازعات کی زد میں رہا ہے، خصوصاً صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے تحت گرفتاریوں میں اضافے کے بعد۔
حراستی مرکز کے خلاف قیدیوں کے حالات، طبی سہولتوں اور شفافیت سے متعلق متعدد شکایات سامنے آ چکی ہیں۔ اس سال کے آغاز میں وفاقی حکام اور منتخب عوامی نمائندوں کے درمیان مرکز تک رسائی کے معاملے پر بھی کشیدگی پیدا ہوئی، جبکہ مرکز کے باہر مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر گردش کرتی رہیں۔
متوفی کی موت کے بعد ایک بار پھر ڈیلنی ہال میں زیرِ حراست افراد کے حالات، طبی سہولتوں اور نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے





