ویسٹ جیٹ فلائٹ اٹینڈنٹس کی ہڑتال ختم، ابتدائی معاہدہ طے پا گیا

ویسٹ جیٹ فلائٹ اٹینڈنٹس کی ہڑتال ختم، ابتدائی معاہدہ طے پا گیا

کینیڈا کی دوسری بڑی ایئرلائن ویسٹ جیٹ اور اس کے تقریباً 4,400 فلائٹ اٹینڈنٹس کی نمائندہ یونین CUPE Local 8125 کے درمیان ابتدائی (Tentative) معاہدہ طے پانے کے بعد ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔ اس پیش رفت سے ملک بھر میں متاثر ہونے والی پروازوں کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
یونین کی صدر عالیہ حسین نے کہا کہ معاہدے میں فلائٹ اٹینڈنٹس کے ان زمینی فرائض کو بہتر طور پر تسلیم کیا گیا ہے جو وہ پرواز سے پہلے اور بعد میں انجام دیتے ہیں، اور ان کاموں کے معاوضے میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔ دوسری جانب ویسٹ جیٹ کے چیف ایگزیکٹو الیکسس فان ہوئنسبروخ نے معاہدے کو دونوں فریقوں کی محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مسافروں کو ہونے والی پریشانی پر افسوس کا اظہار کیا۔
ہڑتال کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ ہوئیں اور تقریباً ڈھائی لاکھ مسافر متاثر ہوئے۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ طیاروں اور عملے کو دوبارہ تعینات کیا جا رہا ہے، تاہم معمول کی فلائٹ سروس مکمل طور پر بحال ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
یہ ابتدائی معاہدہ اب یونین کے اراکین کی توثیق (Ratification) کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید