امریکا میں کونڈو خریدنا ہونے جا رہا ہے مزید مشکل، رہن کے نئے قواعد لاکھوں خریداروں کے لیے رکاوٹ بن سکتے ہیں

امریکا میں کونڈو خریدنا ہونے جا رہا ہے مزید مشکل، رہن کے نئے قواعد لاکھوں خریداروں کے لیے رکاوٹ بن سکتے ہیں

واشنگٹن: امریکہ میں رہن (مارگیج) پر کونڈومینیم (کونڈو) خریدنے کے خواہش مند افراد کے لیے جلد ہی قرض حاصل کرنا پہلے سے زیادہ مشکل ہو سکتا ہے، کیونکہ رہائشی قرضوں کی دو بڑی سرکاری معاون اداروں فینی مے اور فریڈی میک نے کونڈو عمارتوں کی جانچ کے قواعد مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کے مطابق اگرچہ قرض فراہم کرنے والے ادارے پہلے بھی کئی معاملات میں کونڈو ایسوسی ایشنز کا جائزہ لیتے تھے، تاہم اب متعدد رہن درخواستوں میں انہیں عمارت کی مالی حالت، ساختی سلامتی، مرمت کے ذخائر، بیمہ، ممکنہ قانونی تنازعات اور دیگر خطرات کا کہیں زیادہ تفصیلی معائنہ کرنا ہوگا۔

یہ نئے قواعد مارچ میں فینی مے اور فریڈی میک کی جانب سے اس مقصد کے تحت متعارف کرائے گئے تھے کہ ایسی عمارتوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے جو مالی مشکلات یا تعمیراتی نقائص کا شکار ہوں، تاکہ گھروں کے مالکان اور قرض فراہم کرنے والے اداروں کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان نئی شرائط کے نتیجے میں رہن کی منظوری میں تاخیر ہو سکتی ہے، جبکہ اگر کسی کونڈو عمارت میں مالی بے ضابطگی، ناکافی مرمتی فنڈ، ساختی خامی یا دیگر مسائل سامنے آئے تو قرض کی درخواست مسترد بھی کی جا سکتی ہے، خواہ خریدار مالی طور پر مکمل اہل ہی کیوں نہ ہو۔

اس تبدیلی کا مطلب یہ ہے کہ مستقبل میں صرف خریدار کی آمدنی، کریڈٹ اسکور اور مالی حیثیت ہی نہیں، بلکہ جس عمارت میں وہ کونڈو خریدنا چاہتے ہیں، اس کی مجموعی مالی اور تعمیراتی صحت بھی رہن کی منظوری میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام خاص طور پر ان عمارتوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے جو پرانی ہیں، جہاں مرمت کے لیے خاطر خواہ فنڈ موجود نہیں یا جہاں انجینئرنگ اور حفاظتی مسائل پہلے ہی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ایسے حالات میں خریداروں کو معاہدہ کرنے سے قبل متعلقہ کونڈو ایسوسی ایشن کے مالی ریکارڈ، بیمہ اور مرمت کی منصوبہ بندی کا بغور جائزہ لینے کا مشورہ دیا جا رہا ہے

قومی خبریں سے مزید