تلہ گنگ میں چھ روز سے لاپتا 17 سالہ لڑکی مردہ حالت میں برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

تلہ گنگ میں چھ روز سے لاپتا 17 سالہ لڑکی مردہ حالت میں برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

پنجاب کے ضلع تلہ گنگ میں چھ روز قبل لاپتا ہونے والی 17 سالہ لڑکی کی لاش موگلہ گاؤں کے قریب ایک مزار کے نزدیک سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش گھاس پھونس سے ڈھکی ہوئی تھی اور ابتدائی معائنے میں مقتولہ کے چہرے پر خون کے نشانات جبکہ ناک سے جھاگ نکلنے کے آثار پائے گئے۔ تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔
پولیس نے بتایا کہ مقتولہ گزشتہ آٹھ برس سے اپنے ماموں کے گھر رہ رہی تھی، کیونکہ اس کی والدہ انتقال کر چکی تھیں جبکہ والد نے دوسری شادی کر لی تھی۔ 24 اور 25 جولائی کی درمیانی شب لڑکی اچانک لاپتا ہو گئی تھی، جس پر اس کے ماموں نے نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
واقعے کے بعد پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اور نمونے اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹس کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید