امریکی محکمہ خارجہ عالمی کانفرنس میں افریقہ کا غلط نقشہ پیش کرنے پر تنقید کی زد میں
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ عالمی ایڈز کانفرنس کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ایک پریزنٹیشن میں افریقہ کا ایسا نقشہ دکھایا گیا جس میں نمایاں کیے گئے تمام ممالک کی جغرافیائی نشاندہی غلط تھی۔ کانفرنس کے شرکا نے نقشے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جس کے بعد یہ معاملہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
رپورٹس کے مطابق نقشے میں نائجیریا کو صحرائے صحارا میں خشکی سے گھرا ہوا ملک دکھایا گیا، موزمبیق کو افریقہ کے مشرقی سینگ (Horn of Africa) میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ آئیوری کوسٹ کو بھی اپنی اصل جگہ سے ہٹا کر غلط مقام پر ظاہر کیا گیا۔ بعض دیگر ممالک کی سرحدیں اور مقامات بھی درست نہیں تھے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ پریزنٹیشن میں آخری وقت پر کی گئی تبدیلیوں کے دوران ایک ٹیم رکن سے یہ غلطی ہوئی، اور اس کی مکمل ذمہ داری محکمہ قبول کرتا ہے۔ ادارے نے واضح کیا کہ کانفرنس میں ایچ آئی وی/ایڈز کے خلاف تعاون سے متعلق مذاکرات تعمیری رہے اور امریکہ اپنی عالمی صحت کی ذمہ داریوں سے بدستور وابستہ ہے۔
خبر رساں ادارہ رائٹرز کے مطابق پیش کیے گئے نقشے پر ایسے نشانات موجود تھے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے مصنوعی ذہانت (AI) کے ٹولز کی مدد سے تیار کیا گیا تھا، تاہم اس بارے میں مزید تحقیقات جاری ہیں





