پاک چین صحت کے شعبے میں 62 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کے 22 معاہدے طے پا گئے
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہونے والی کانفرنس میں 22 معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 62 کروڑ 95 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔
وفاقی وزیر برائے قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعاون کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، ادویات سازی کے شعبے کو وسعت دینا اور طبی مصنوعات کی برآمدات بڑھانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت جدید طبی سہولیات، دواسازی اور صحت سے متعلق صنعتوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
کانفرنس کے دوران چینی کمپنیوں اور پاکستانی اداروں کے درمیان صحت، ادویات سازی اور طبی شعبے سے متعلق مختلف منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔ حکام کے مطابق ان معاہدوں سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور صحت کی سہولیات میں بہتری کی توقع ہے۔





