میٹا کے خلاف مقدمہ، اے آئی کے ذریعے ملازمتوں کے خاتمے پر قانونی جنگ کا پہلا بڑا امتحان
سان فرانسسکو: مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ملازمین کی برطرفی کے خلاف میٹا پلیٹ فارمز کے سابق ملازمین کی جانب سے دائر مقدمہ اس نئے دور کے روزگار تنازعات میں ایک اہم قانونی آزمائش بن گیا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ یہ ثابت کرنا ہے کہ کمپنی نے ملازمین کے فیصلوں میں مصنوعی ذہانت کو کس حد تک استعمال کیا۔
رائٹرز کے مطابق میٹا کے خلاف دائر مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی نے ملازمین کی چھانٹی کے لیے ایسے مصنوعی ذہانت کے نظام استعمال کیے جن میں مبینہ طور پر امتیازی اثرات پیدا ہوئے۔ یہ مقدمہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مستقبل میں اگر کمپنیاں اے آئی کی مدد سے ملازمتوں کے فیصلے کرتی ہیں تو ملازمین کے لیے قانونی طور پر یہ ثابت کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔
قانونی ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں یہ توقع کی جا رہی تھی کہ ملازمتوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر مقدمات کی ایک بڑی لہر سامنے آئے گی، لیکن اب تک ایسے مقدمات محدود رہے ہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اکثر ملازمین کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ان کے ادارے اندرونی فیصلوں میں اے آئی نظام کس طرح استعمال کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک اور رکاوٹ یہ ہے کہ بہت سے ملازمین ملازمت کے معاہدوں میں ایسے شقوں پر دستخط کر چکے ہوتے ہیں جن کے تحت وہ عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کے بجائے نجی ثالثی کے ذریعے تنازعات حل کرنے پر رضامند ہوتے ہیں۔ اس عمل کے باعث کئی دعوے عوامی سطح پر مکمل قانونی جانچ تک نہیں پہنچ پاتے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ میٹا کا مقدمہ آنے والے وقت میں ایک اہم مثال بن سکتا ہے، کیونکہ مصنوعی ذہانت کا استعمال بھرتیوں، ترقیوں، ملازمت ختم کرنے اور دیگر انتظامی فیصلوں میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ اگر اے آئی کسی شخص کے روزگار پر اثر انداز ہوتی ہے تو اس فیصلے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی





