باجوڑ کے ماموند میں سرکاری اسکول دھماکے سے تباہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
باجوڑ: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل وَر ماموند میں نامعلوم شدت پسندوں نے ایک سرکاری اسکول کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی حکام اور رہائشیوں کے مطابق واقعہ پیر کی رات خارکئی علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے گورنمنٹ مڈل اسکول فار بوائز کی عمارت میں متعدد دھماکا خیز آلات نصب کیے۔ دھماکوں کے نتیجے میں اسکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ فرنیچر بھی تباہ ہو گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت اسکول خالی تھا، جس کے باعث طلبہ اور عملے میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حامد الرحمٰن نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اسکول کی عمارت پر حملہ نہیں بلکہ علاقے کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے۔





