وزیراعظم شہباز شریف کا انتباہ:امریکا۔ایران تنازع دوبارہ بڑھا تو پاکستان کی معیشت متاثر ہو سکتی ہے

وزیراعظم شہباز شریف کا انتباہ:

امریکا۔ایران تنازع دوبارہ بڑھا تو پاکستان کی معیشت متاثر ہو سکتی ہے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے منفی اثرات پاکستان کی معیشت پر دوبارہ پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی صورتحال میں غیر یقینی برقرار ہے اور حکومت کو کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنا ہوگا۔
وزیراعظم نے یہ بات اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں خطے کی صورتحال کے پاکستان کی معیشت پر اثرات، کفایت شعاری کے اقدامات اور توانائی سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت مستحکم ہے، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی مستقبل میں معاشی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے جامع منصوبہ بندی تیار رکھی جائے۔
وزیراعظم نے عوام کی جانب سے ایندھن اور توانائی کے تحفظ کے لیے حکومتی مہم میں تعاون کو سراہا اور کہا کہ حکومت کی بروقت حکمتِ عملی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا نظام بہتر طریقے سے چلایا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم ذخائر موجود ہیں اور مستقبل میں بھی سپلائی کو بلا تعطل برقرار رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور تجارتی راستوں کے بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں، جس سے توانائی درآمد کرنے والے ممالک، بشمول پاکستان، کو معاشی دباؤ کا سامنا ہو سکتا ہے

قومی خبریں سے مزید