بھارت نے زرعی کھیتوں سے خطرناک زہر پیرا کوٹ کا خاتمہ شروع کر دیا، 70 سے زائد ممالک کے بعد ملک گیر پابندی کا فیصلہ
بھارتی حکومت نے زرعی شعبے میں استعمال ہونے والی انتہائی خطرناک جڑی بوٹی مار دوا پیرا کوٹ پر ملک گیر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے دنیا کے کئی ممالک انسانی صحت اور ماحول کے لیے شدید خطرناک قرار دے کر پہلے ہی ممنوع قرار دے چکے ہیں۔
بھارت کی وزارت زراعت کی جانب سے جاری کردہ مسودہ نوٹیفکیشن میں پیرا کوٹ کے استعمال، تیاری اور فروخت پر مکمل پابندی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یہ کیمیکل دنیا کے 70 سے زائد ممالک میں پہلے ہی ممنوع ہے، تاہم بھارت میں کئی برسوں تک اس کے خطرات پر بحث اور تحقیقات کے باوجود اس کا استعمال جاری رہا۔
پیرا کوٹ کو ایک انتہائی زہریلا کیمیکل سمجھا جاتا ہے جس کے زہر کا کوئی معروف تریاق موجود نہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق اس کے استعمال سے انسانی جسم کے اہم اعضا، خصوصاً پھیپھڑوں اور گردوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ حادثاتی طور پر نگلنے کی صورت میں یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
بھارت میں کسان طویل عرصے سے جڑی بوٹیوں پر قابو پانے کے لیے اس کیمیکل کا استعمال کرتے رہے ہیں، لیکن ماحولیاتی ماہرین اور صحت کے ادارے اس کے ممکنہ نقصانات کے بارے میں مسلسل خبردار کرتے رہے ہیں۔
حکومت کے اس اقدام کو زرعی شعبے میں زہریلے کیمیکلز کے استعمال کو محدود کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ پابندی کے بعد کسانوں کو محفوظ متبادل ادویات اور تربیت فراہم کرنا بھی ضروری ہوگا تاکہ فصلوں کی پیداوار متاثر نہ ہو





