ایل پی جی درآمد کنندگان کا ملک میں گیس کے شدید بحران کا خدشہ، قیمتوں کے مستقل نظام کا مطالبہ

ایل پی جی درآمد کنندگان کا ملک میں گیس کے شدید بحران کا خدشہ، قیمتوں کے مستقل نظام کا مطالبہ

اسلام آباد — ایل پی جی درآمد کنندگان کی تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو آئندہ 2 سے 3 دن میں ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے۔

ایل پی جی درآمد کنندگان کی تنظیم نے پٹرولیم وزیر علی پرویز ملک کو خط لکھ کر موجودہ قیمتوں کے نظام پر تحفظات کا اظہار کیا اور صورتحال کے فوری حل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔

تنظیم کے چیئرمین شیخ مکرم وحید نے خط میں کہا کہ اگر مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو ملک میں ایل پی جی کی فراہمی کا نظام شدید متاثر ہو سکتا ہے اور صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ تیل اور گیس کے نگران ادارے کی جانب سے 30 جون 2026 کو مقرر کی گئی ایل پی جی کی قیمت درآمدی لاگت کی حقیقی عکاسی نہیں کرتی۔

درآمد کنندگان کے مطابق عالمی قیمتوں، کرایوں، شرح تبادلہ میں اتار چڑھاؤ، بندرگاہی اخراجات، اندرون ملک ترسیل، مالیاتی اخراجات اور دیگر عملی لاگت میں اضافے کے باعث درآمدی قیمت مقرر کردہ فروختی قیمت سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں درآمد کنندگان کو ہر کھیپ پر بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

تنظیم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کئی درآمد کنندگان اور ذخیرہ کرنے والے اداروں نے اپنی سرگرمیاں محدود کرنا شروع کر دی ہیں، جس سے ملک میں ایل پی جی کی فراہمی متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ایل پی جی درآمد کنندگان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کے لیے ایک ایسا مستقل اور قابل عمل نظام بنایا جائے جو صارفین کے مفاد کے ساتھ ساتھ درآمد کنندگان کے لیے بھی معاشی طور پر قابل برداشت ہو، تاکہ مستقبل میں گیس کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا نہ ہو

قومی خبریں سے مزید