مودی اور البانیز کا دفاعی معاہدہ، ہند۔بحرالکاہل خطے کے لیے مشترکہ سکیورٹی روڈ میپ کا اعلان

مودی اور البانیز کا دفاعی معاہدہ، ہند۔بحرالکاہل خطے کے لیے مشترکہ سکیورٹی روڈ میپ کا اعلان

میلبورن: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے ہند۔بحرالکاہل خطے میں دفاعی تعاون بڑھانے اور مشترکہ سلامتی کے لیے نئے روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔

نریندر مودی نے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں اپنے تین ملکی دورے کے دوسرے مرحلے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں، جہاں انہوں نے بھارت۔آسٹریلیا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی۔

دونوں رہنماؤں نے تیسرے بھارت۔آسٹریلیا سالانہ سربراہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس میں دفاع، تجارت، تعلیم، اہم معدنیات، افرادی نقل و حرکت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

دورے کے دوران مودی نے بھارت۔آسٹریلیا کاروباری فورم اور اقتصادی روڈ میپ تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفاعی تعاون دونوں ممالک کے ایجنڈے کا اہم حصہ رہا۔ بھارت اور آسٹریلیا نے ہند۔بحرالکاہل خطے میں بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی چیلنجز کے پیش نظر بحری سلامتی، دفاعی شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے تناظر میں خطے کی طاقت کے توازن کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے، جبکہ دونوں ممالک امریکہ، جاپان اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہند۔بحرالکاہل میں ایک آزاد اور محفوظ نظام کے حامی ہیں۔

مودی اپنے دورے کے دوران آسٹریلیا میں موجود بھارتی برادری سے بھی خطاب کریں گے۔ بھارتی حکومت کے مطابق اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینا ہے

قومی خبریں سے مزید