آسام میں بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ تباہ؛ حادثات کی طویل فہرست پر نئے سوالات اٹھ گئے

آسام میں بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ تباہ؛ حادثات کی طویل فہرست پر نئے سوالات اٹھ گئے

بھارتی ریاست آسام کے شہر جورہاٹ میں بھارتی فضائیہ کا اے این۔۳۲ نقل و حمل طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔ بھارتی فضائیہ کے مطابق واقعہ جورہاٹ فضائی اڈے کے اندر پیش آیا، جہاں ہنگامی امدادی اور آگ بجھانے والی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بھارتی فضائیہ گزشتہ چند برسوں سے طیارہ حادثات کے باعث مسلسل تنقید کی زد میں ہے۔ صرف گزشتہ چند برسوں کے دوران سخوئی۔۳۰، تیجس، مگ۔۲۱، ہیلی کاپٹروں اور دیگر فوجی طیاروں کے متعدد حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں کئی پائلٹ اور فضائیہ کے اہلکار ہلاک ہوئے۔ مارچ ۲۰۲۶ میں بھی آسام ہی میں بھارتی فضائیہ کا سخوئی۔۳۰ جنگی طیارہ تباہ ہوا تھا جس میں دونوں پائلٹ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے بیڑے میں بڑی تعداد میں پرانے طیارے اب بھی استعمال ہو رہے ہیں، جبکہ دیکھ بھال، پرزوں کی دستیابی اور تکنیکی مسائل کے بارے میں بھی وقتاً فوقتاً سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ آسام کے تازہ حادثے نے ایک بار پھر بھارتی فضائیہ کی عملی تیاریوں اور فضائی سلامتی کے معیار پر بحث چھیڑ دی ہے۔

اب سب کی نظریں تحقیقات پر ہیں کہ آیا یہ حادثہ تکنیکی خرابی، انسانی غلطی یا کسی اور وجہ سے پیش آیا، لیکن ایک حقیقت یہ ہے کہ بھارتی فضائیہ کے حادثات کی فہرست مسلسل طویل ہوتی جا رہی ہے اور ہر نئے حادثے کے بعد پرانے سوالات دوبارہ زندہ ہو جاتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید