بھارت کا افغانستان پر شکنجہ مزید سخت، پہلی اننگز میں 412 رنز کی برتری کے بعد فالو آن نافذ

بھارت کا افغانستان پر شکنجہ مزید سخت، پہلی اننگز میں 412 رنز کی برتری کے بعد فالو آن نافذ

بھارت نے افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں شاندار برتری حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کو فالو آن کھیلنے پر مجبور کر دیا۔ نیو موہالی کے پی این اے اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز افغانستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد بھارت نے 412 رنز کی بھاری برتری کے ساتھ فالو آن نافذ کر دیا۔

افغانستان کی جانب سے صرف رحمت شاہ ہی بھارتی باؤلنگ کا کچھ دیر مقابلہ کر سکے۔ انہوں نے 60 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ بھی بائیں ہاتھ کے اسپنر مناو سوتھر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مناو سوتھر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور افغانستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ فاسٹ باؤلر پرسدھ کرشنا نے بھی 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 564 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی، جس کے جواب میں افغان ٹیم صرف 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فالو آن کے بعد افغانستان نے دوسری اننگز میں محتاط آغاز کیا اور لنچ تک بغیر کسی نقصان کے 18 رنز بنا لیے تھے۔ صدیق اللہ اٹل 16 اور عبد المالک 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے

قومی خبریں سے مزید