امریکہ کے دوسرے بڑے شہر لاس اینجلس میں میئر کے انتخابی معرکے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ ابتدائی نتائج میں آگے رہنے والے ریپبلکن حمایت یافتہ ریئلٹی ٹی وی اسٹار اسپینسر پراٹ اب دوسرے نمبر سے بھی نیچے چلے گئے ہیں، جبکہ سٹی کونسل رکن نتھیا رامن نے انہیں پیچھے چھوڑ کر رن آف انتخاب کے لیے مضبوط پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
تازہ گنتی کے مطابق موجودہ میئر کیرن باس 34.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ نتھیا رامن 27.1 فیصد ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ اسپینسر پراٹ 26.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو 3 نومبر کو ہونے والے رن آف میں کیرن باس اور نتھیا رامن آمنے سامنے ہوں گے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق تاخیر سے گنے جانے والے میل اِن بیلٹ عموماً ڈیموکریٹک اور ترقی پسند امیدواروں کے حق میں جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انتخابی رات کو پیچھے رہنے والی رامن مسلسل ووٹوں کا فرق کم کرتی رہیں اور بالآخر پراٹ کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہو گئیں۔
یہ انتخاب اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ 2025 کی تباہ کن جنگلاتی آگ کے بعد میئر کیرن باس کی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی۔ دوسری جانب اسپینسر پراٹ نے خود کو “سیاسی نظام کے خلاف امیدوار” کے طور پر پیش کیا، جبکہ نتھیا رامن نے سستے رہائشی منصوبوں، بے گھر افراد کے مسئلے اور شہری سہولیات کو اپنی مہم کا مرکز بنایا۔





